مزید خبریں

دُعا ہے اتحادی حکومت وقت پورا کرے، امام الدین شوقین

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی کے سینیٹر امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، پارٹی کو حکومت کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی پالیسیوں پر عمل کریں، اب اتحادی حکومت بن رہی ہے، دُعا ہے کہ وہ اپنا ٹائم پورا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاپولر اسٹائل فیبرکس شوروم کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکی جس کے باعث اتحادی حکومت بن رہی ہے، اتحادی حکومت میں کئی معاملات پر سمجھوتا کرنا پڑتا ہے، پیپلزپارٹی کو اُمید تھی کہ انہیں بھاری مینڈیٹ ملے گا لیکن ایسا نہیں ہوا، پنجاب سے ہمیں سیٹیں کم ملی ہیں، وفاق میں حکومت بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ جمہوریت کوڈی ریل کیا گیا ہے، اب ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور ملک کے بہتر مستقبل اور معیشت کی مضبوطی کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں غربت، مہنگائی بے روزگاری و دیگر مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں امام الدین شوقین نے بتایا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی واضح اکثریت کے ساتھ ہے اور سندھ میں حکومت بنانے کے لیے ایم کیو ایم کی ضرورت نہیں۔