مزید خبریں

ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم کے 10000رنزمکمل

پاکستان کے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں10ہزاررنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کے خلاف لاہور میں اپنی72 رنز کی اننگز کے دوران ایسا کیا۔ وہ94 منٹ میں51 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے یہ رنزبنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بابر اعظم نے اپنے دس ہزار رزنز281 ویں میچ کی 271 ویں اننگز میں مکمل کیے۔ اس سے پہلے اس قسم کے کرکٹ میں سب سے تیزدس ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل کے پاس تھا جنہوں نے بابر اعظم سے نو میچ اورچودہ اننگز زیادہ کھیل کر ایسا کیا تھا۔

لاہور ایگلزکی جانب سے حیدرآباد ہوکس کے خلا ف لاہور میںیکم دسمبر 2012 کو اپنا پہلا ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے والے بابر اعظم نے دس ہزار رنز مکمل کرنے میں11 سال اور82 دن کا وقت لیا۔ وہ وقت کے لحاظ سے بھی سب سے جلدی دس ہزار رنزبنانے والے کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ کریس گیل کے پاس تھا جنہوں نے ایسا کرنے میں گیارہ سال اور 215 دن کو وقت لیا تھا۔

بابر اعظم نے ابھی تک جو281 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں انکی271 اننگز میں43.95 کی اوسط اور128.90 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دس سنچریوں اور84 نصف سنچریوں کی مدد سے 10066 رنز بنائے ہیں۔ وہ16 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور122 رنز ہے جو انہوں نے پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں 14 اپریل2021 کو77 منٹ میں59 گیندوں پر15 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے دوسرے اور کل ملاکر تیرہویں بلے باز ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل کے پاس ہے۔

بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2005 اور2022 کے درمیان جو463 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں انکی 455 اننگز میں36.22 کی اوسط اور 144.75 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ22 سنچریوں اور88 نصف سنچریوں کی مدد سے14562 رنز بنائے ہیں۔ وہ30 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے ہے اور ان کا سب سے زیادہ آوٹ ہوئے بغیر175 رنز ہے جو انہوں نے رائل چلنجرز بنگلور کی جانب سے پونہ واریرز کے خلاف بنگلور میں 23 اپریل 2013 کو102 منٹ میں66 گیندوں پر13 چوکوں اور17 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ یہ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ کریس گیل نے1132چوکے اور1056 چھکے مارے ہیں ْ جو اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ ہیں۔

شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی اور کل ملاکر دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2005 سے اب تک جو 534ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں انکی495 اننگز میں36.53 کی اوسط اور 127.81 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ83 نصف سنچریوں کی مدد سے13188 رنز بنائے ہیں۔ وہ21 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے ہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر95 رنز ہے ۔
ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کیرون پولارڈ نے ابھی تک جو 653 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں انکی580 اننگز میں31.45 کی اوسط اور 150.99کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور58 نصف سنچریوں کی مدد سے12738 رنز بنائے تھے۔ وہ25 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور104 رنز ہے۔