مزید خبریں

نئی حکومت میں عمران خان رہا ، نواز اور ڈار باہر جائینگے

اسلام آباد ( میاں منیر احمد) نئی حکومت کے بن جانے سے قبل اور بعد میں سائبر کرائم کا محکمہ متحرک ہو جائے گا‘ اور حساس اداروں کے خلاف ہونے والی پوسٹ کے ہر ہر ذمے دار کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جارہا ہے رواں پانچ چھ ایسے افراد گرفتار کیے گئے ہیں جو سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد ڈالنے کے ذمے دار تھے اور مزید گرفتاریاں بھی ہونے جارہی ہیں‘ دریں اثناء سیاسی محاذ پر بھی اہم اور نئی پیش رفت تیزی سے ہونے والی ہے‘ جس میں نواز شریف کا سیاسی کردار ایک نئے موڑ پر آگیا ہے‘ صدر مملکت کا عہدہ آصف علی زرداری کو مل جائے گا جس کے بعد وہ فیصلہ کریں گے کہ ملک کی کسی بھی جیل میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا‘ جس کے بعد عمران خان کی رہائی کا راستہ کھل رہا ہے‘ ایک نئی پیشرفت یہ ہونے جارہی ہے کہ نوازشریف اور اسحاق ڈار بھی علاج کے لیے سلسلے میں بیرون ملک جانے کو تیار ہیں‘ ملک میں تبدیل ہوتے ہوئے سیاسی منظر نامے کے باعث ہی مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف‘ عدلیہ کے فیصلوں کے باوجود مسلم لیگ(ن) کی صدارت دوبارہ حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے‘ اس کی وجہ ملکی سیاسی میں پیدا ہونے والی وہ تبدیلی ہے جس کے ذریعے پرانی اور ملک میں سیاسی محاذآرائی کاباعث بننے والی سیاسی قیادت کی تطہیر کا عمل ہے‘ اسحاق ڈار کے لیے نئی کابینہ میں بھی کوئی جگہ نہیں بن رہی ہے، پنجاب میں مریم نواز شریف کے لیے بھی اسمبلی میں بڑی اکثریت کے باوجود حالات سازگار نہیں ہے۔ ایک نئی پیش رفت ہوئی ہے کہ تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان بھی سیاست سے دستبردار ہونے جارہے ہیں‘ اس بارے میں رمضان المبارک سے پہلے پہلے صورت حال پوری طرح واضح ہوجائے گی‘ عمران خان کی رہائی کے لیے اندرون ملک اور بیرون ملک قوتوں نے پیش بندی کرتے ہوئے کردار داد کرنے جارہی ہیں۔