مزید خبریں

آسڑیلیا نے چوتھی مرتبہ جونیئر عالمی کرکٹ کپ جیتا

اپنے سینئر کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آسڑیلیا کی انڈر19 ٹیم نے بھارت کو 79 رنز سے شکست دیکر جونیئر عالمی کپ جیتا۔ آسڑیلیا کی سینئر ٹیم نے بھارت کو احمد آباد میں کھیلے گئے عالمی کپ کے فائنل میں پانچ وکٹ سے شکست دیکر چھٹی مرتبہ خطاب اپنے نام کیا تھا۔
جنوبی افریقا کے شہر بنونی کے ویلو مور پارک میں کھیلے گئے فائنل میں آسڑیلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں سات وکٹ پر 253 رنز بنائے تھے جو جونیئر عالمی کپ کے فائنل میں سب سے بڑا اسکور تھا۔اس سے پہلے عالمی کپ فائنل میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا اعزاز انگلینڈ کے پاس تھا جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف جوہانسبرگ میں یکم فروری1998 کو ہوئے میچ میں46 اوور میں تین وکٹ پر242 رنز بناکر کامیابی اپنے نام کی تھی۔ اس فائنل میں نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں چھ وکٹ پر241 رنز بنائے تھے۔
انڈر19 عالمی کپ پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں 1988 میں کھیلا گیا تھا۔ فائنل میچ میزبان آسڑیلیا اور پاکستان کے درمیان ایڈیلیڈ میں13 مارچ 1988 کو ہوا تھا ۔ آسڑیلیا نے فائنل میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دیکر پہلا جونیئر عالمی کپ جیتا تھا۔ فائنل میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کے سبھی کھلاڑی 49.3 اوور میں201 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔ آسڑیلیا نے45.5 اوور میں پانچ وکٹ پر 202 رنز بناکر پہلے جونیئر عالمی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
آسڑیلیا نے دوسری مرتبہ یہ خطاب نیوزی لینڈ میں 2002 میں ہوئے عالمی کپ میں حاصل کیا تھا۔ اس مرتبہ فائنل میں اس نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔ لنکن میں9 فروری2002 کو ہوئے فائنل میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ پر 206 رنز بنائے تھے۔ آسڑیلیا کی جونیئر ٹیم نے45.1 اوور میں تین وکٹ پر 209 رنز بناکر دوسری مرتبہ کرکٹ کا جونیئر عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔8 سال بعد اسی میدان پر آسڑیلیا نے پاکستان کو25 رنز سے شکست دیکر تیسری مرتبہ خطاب پر قبضہ کیا تھا۔ لنکن میں30 جنوری 2010 کو ہوئے فائنل میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسڑیلیا نے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ پر 207 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کے کھلاڑی46.4 اوور میں 182 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جسکی وجہ سے اسے25 رنز سے ہار ہوئی۔
آسڑیلیا کو دو مرتبہ فائنل میں شکست بھی ہوئی ہے۔2012 میں آسڑیلیا میں ہوئے اس ٹورنامنٹ میں اسے فائنل میں بھارت نے شکست دی تھی۔26 اگست2012 کو ٹاونس ویل میں ہوئے ٖفائنل میںٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسڑیلیا نے مقررہ 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 225 رنز بنائے تھے۔ بھارت نے47.4 اوور میں چار وکٹ پر 227 رنز بناکرجونیئر عالمی کپ پر قبضہ کیا تھا۔ ماونٹ مونگوئی میں3 فروری 2018 کو ہوئے فائنل میں بھارت کی ٹیم نے آسڑیلیا کو جونیئر عالمی کپ نہیں جیتنے دیا تھا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کھلاڑی47.2 اوور میں 216رنز بناکر آئوٹ ہوگئے تھے۔ بھارت نے38.5 اوور میں دو وکٹ پر 220 رنز بناکر عالمی کپ پر قبضہ کیا تھا۔
بھارت نے پانچ مرتبہ (2000، 2008 ،2012،2018 اور2022) عالمی کپ جیتا ہے جبکہ پاکستان2004 اور2006 میں چمپئن بنی ہے۔ جنوبی افریقا (2014)، انگلینڈ (1998)، ویسٹ انڈیز (2016) اور بنگلا دیش(2020) نے ایک ایک مرتبہ عالمی کپ جیتا ہے۔