مزید خبریں

ڈیوڈ وارنر کی تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں میچوں کی سنچریاں

آسڑیلیا کے ٖڈیوڈ وارنر تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے میچوں کی سنچری مکمل کرنے والے محض تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوبرٹ میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کرنے کے بعد انہوں نے ایسا کیا۔ یہ ان کا 100واں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ تھا۔ اس سے پہلے وہ ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے میچوں کی سنچری مکمل کرچکے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں 100میچ کھیلنے والے آسڑیلیا کے تیسرے اور کل ملاکر25 ویں کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ابھی تک جو100 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی100 اننگز میں33.30 کی اوسط اور142.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور25 نصف سنچریوں کی مدد سے2964 رنز بنائے ہیں۔ وہ6 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر100 رنز ہے جو انہوں نے56 گیندوں پر10 چوکوں اور 4 چوکو ں کی مدد سے سری لنکا کے خلاف ایڈیلیڈ میں27 اکتوبر2019 کو بنایاتھا۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے ایک کھلاڑی نے ابھی تک جو112 ٹیسٹ کھیلے ہیں انکی205 اننگز میں44.59 کی اوسط اور70.19 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ26سنچریوں اور37 نصف سنچریوں کی مدد سے8786 رنز بنائے ہیں۔ وہ 13 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکورآئوٹ ہوئے بغیر335 رنز ہے جو انہوں نے پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں نومبر2019 میں554 منٹ میں418 گیندوں پر39 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنایا تھا۔

ڈیوڈ وارنر نے2009 اور2023 کے درمیان جو161 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی159 اننگز میں45.30 کی اوسط اور97.26 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 22 سنچریوں اور33 نصف سنچریوں کی مدد سے6932 رنز بنائے ہیں۔ وہ 4 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے بغیر آئوٹ ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور179 رنزہے جو انہوں نے186 منٹ میں128 گیندوں پر19 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں26 جنوری2017 کو بنایا تھا۔

نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں میچوں کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے بھارت کے خلاف مائونٹ مونگوئی میں2 فروری2020 کو اپنا 100 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد ایسا کیا تھا۔ انہوں نے کل102 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے تھے۔ وہ2007 اور2022 کے درمیان112 ٹیسٹ کھیلے جبکہ2006 اور2022 کے درمیان وہ236 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی تھی۔

بھارت کے و یرات کوہلی تینوں طرز کی کرکٹ میں 100میچ کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف دبئی میں28 اگست 2022 کو اپنا 100 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد ایسا کیا تھا۔ انہوں نے2010 سے اب تک کل117 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے2011 سے اب تک113 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کی ہے اور2008 سے اب تک 292 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔