مزید خبریں

عوامی معاہدے کے تحت مہنگائی کا خاتمہ کرینگے، جمیل سومرو

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری اور انتخابات میں پی ایس 11 سے جیتنے والے جمیل احمد سومرو پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ قافلے کی صورت میں گڑھی خدا بخش بھٹو شہدائے جمہوریت کے مزار پہنچے، جہاں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور دیگر شہداء کے مزاروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھاکر فاتحہ خوانی کی، جس دوران پی پی کارکنان نے جیئے بھٹو، جیئے بے نظیر بھٹو، وزیر اعظم بلاول زرداری کے نعرے لگائے۔ جمیل احمد سومرو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں بھاری اکثریت سے نشستیں جیتی ہیں جس سے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری کے عوامی معاشی معاہدے کے تحت غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان اور پنجاب کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی نشستیں حاصل کی ہیں جو پیپلز پارٹی کے عوامی منشور کا نتیجہ ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی بڑی تعداد میں سیٹیں حاصل کر کے حکومت بنانے جا رہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی اور عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے انقلابی اقدامات اُٹھا کر خواتین، کسانوں اور مزدوروں بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔