مزید خبریں

حیدر آباد،روزنامہ جسارت کے دفتر میں چوری،ہزاروں مالیت کا سامان غائب

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے صحافی چوروں کے نشانے پر، گول بلڈنگ میں واقع اخبارات کے دفاتر غیر محفوظ،روزنامہ جسارت کے دفتر کے تالے توڑ کر چور ہزاروں روپے مالیت کا سامان لے اڑے ،ساتھ واقع این ایل ایف کے دفتر میں بھی چوری،چند روز قبل روزنامہ جہانِ پاکستان کے دفتر کے تالے توڑ کر ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کے کیمرے چوری کرلیے گئے۔، تھانہ سٹی پولیس گول بلڈنگ کو سیکورٹی دینے میں ناکام،نیچے کھڑی موٹر سائیکلوں کا سامان غائب ہونا بھی معمول بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے قلب میں واقع بلدیہ کی تاریخی گول بلڈنگ بلدیہ کی نااہلی کے باعث گندگی اور غلاظت کا ڈھیر بننے کے بعد اب چوروں کے نشانے پر بھی آگئی ہے، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گول بلڈنگ روم نمبر27میں واقع روز نامہ جسارت اور28میں واقع این ایل ایف کے دفاتر میں ایک ہی رات میں تالے توڑنے کی وار داتیں جس میں نامعلوم چور ہزاروں روپے مالیت کا سامان لے کر فرار ہوگئے جبکہ چند روز قبل روم نمبر15میں واقع روزنامہ جہانِ پاکستان اور نجی چینل کے دفتر گریل کاٹ کر چور ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کے کیمرے چوری کرکے لے گئے تھے ،نیچے پارکنگ میں کھڑی صحافیوں اور دیگر لوگوں کی موٹر سائیکلوں سے آئے روز سامان چوری ہونا معمول بن چکا ہے، بلدیہ کی جانب سے چوکیدار کا انتظام نہیں ہے جبکہ بلدیہ تمام دفاتر سے کرایہ وصول کرتی ہے۔ واضح رہے کہ اس بلڈنگ میںروزنامہ امت،جرات‘نئی بات‘ نیو چینل سمیت ایک درجن کے قریب اخبارات وچینل کے دفاتر موجود ہیں ۔سینئر صحافی عبدالحفیظ عابد‘ناصر شیخ‘ شاہ نواز‘ خالد شیخ‘ ندیم احمد شیخ‘ شاہد حفیظ‘ ساجد علی خان‘ ارشد انصاری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد سے واقعات کا سدباب کرنے کی مطالبہ کیا ہے ۔