مزید خبریں

لاڑکانہ: 2 قومی اور 4 صوبائی حلقوں پر 60 سے زائد اُمیدوار میدان میں

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں انتخابات کے لیے ضلع کے 2 قومی اور 4 صوبائی حلقوں میں آج پولنگ ہو رہی ہے جہاں صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے پولنگ کا عمل جاری رہے گا، جبکہ انتخابات میں مجموعی طور پر ضلع کے 8 لاکھ 65 ہزار 829 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لیے 735 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 374 پولنگ اسٹیشنز کو انہتائی حساس قرار دیا گیا ہے، آج ضلع بھر میں 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، ایک ہزار رینجرز اور فوج کے جوان سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ دوسری جانب 2 قومی اور 4 صوبائی حلقوں پر مجموعی طور پر 60 سے زائد اُمیدوار حصہ لے رہے ہیں، تمام نشستوں پر پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے اُمیدواروں کا مقابلہ جی ڈی اے، جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر جماعتوں کے اُمیدواروں سے ہو گا، اسی طرح حلقہ این اے 194 پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور جے یو آئی کے راشد خالد محمود سومرو مدمقابل ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے محمد عاشق دھامراہ، پاکستان عوامی تحریک کے حافظ گل حسن جتوئی اور دیگر امیدوار بھی اسی حلقے سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، این اے 195 پر پیپلز پارٹی کے نظیر احمد بگھیو اور جی ڈی اے کے ڈاکٹر صفدر علی عباسی مدمقابل ہیں۔