مزید خبریں

ہمارا مقابلہ کرپشن ،قبضہ اور منشیات مافیا سے ہے،ذوالفقار مرزا ،فہمیدہ مرزا

بدین (نمائندہ جسارت) ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے الیکشن کو آراوز الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ کرپشن، قبضہ اور منشیات مافیا سے ہے، آج ہماری فتح ہو گی۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں جی ڈی اے مرزا گروپ کی جانب سے ڈی سی چوک پر بڑا عوامی شو کیا گیا۔ جلسے میں جی ڈی اے میں شامل مرزا گروپ، فنگشنل لیگ، ایس یو پی کے کارکنوں، ہمدرد اور حمایتی شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کرپشن، منشیات اور کمیشن کا پیسہ سردار میر پیر ارباب وڈیرے ہیں اور ہمارے ساتھ عوام اور عوام کا جذبہ ہے، آج کی پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی پارٹی نہیں، بدین سمیت سندھ بھر میں بھٹو دشمن افراد کو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ کے عوام کا شعور جاگ چکا ہے، وہ سندھ کی ترقی، عوامی خوشحالی، بنیادی سہولیات کی فراہمی ظلم، زیادتی، جبر کرپشن کے خاتمے کے لیے سابق سندھ کی حکمران جماعت کے اُمیدواروں کو شکست دے کر جی ڈی اے کے اُمیدواروں کو کامیاب کریں گے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا موجودہ الیکشن آروز کا الیکشن ہے، انہوں نے پہلے روز ہی الیکشن کمیشن سے سندھ میں سابق حکومت جماعت کی سفارش پر تعینات کیے، افسران جنہیں ڈی آر اوز اور اے آر اوز بنا کر دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا تھا، ہمارے شدید تحفظات، خدشات اور شکایات کو نظر انداز کر دیا گیا جس کے باعث اب تک ہونے والا انتخاباتی عمل داغدار ہو چکا ہے۔ پولنگ اسٹیشن اور پولنگ اسٹاف پیپلزپارٹی کے اُمیدواروں کی مہیا کی گئی فہرست کے مطابق بنائے اور تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں شفاف انتخابات ممکن ہی نہیں،عوام اپنے ووٹ کی حفاظت کریں گے، عوام دھاندلی کے ہر ہتھکنڈے، حربے اور سازش ناکام بنائیں گے۔ جلسے سے جی ڈی اے اُمیدوار این اے 223 اور پی ایس 71 حسام مرزا، پی ایس 70 ٹنڈوباگو حسنین حسام مرزا، اُمیدوار این اے 222 ماتلی تلہار میر حسین بخش ٹالپور ، اُمیدوار پی ایس 72 گولارچی امیر آزاد پھنور، اُمیدوار پی ایس 69 تلہار ڈاکٹر عبداللہ ٹالپور، پی ایس 68 ماتلی منصور خان نظامانی، فنکشنل لیگ کے رہنما کلہوڑو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کارکردگی اور کردار ہے جبکہ مخالفین کے پاس پیسہ، سازش اور دھاندلی کے حربے اور ہتھکنڈے ہیں جنہیں باشعور عوام ووٹ کی طاقت سے ناکام بنائیں گے۔