مزید خبریں

پاکستان اسٹیل ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی احتجاجی ریلی

ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کا اسٹیل ملز کی بحالی میں حکومتی عدم دلچسپی، گلشن حدید فیز 4 کے فوری الاٹمنٹ، برطرف ملازمین کی بحالی، پی ایف کی ادائیگی، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے فٹبال گراؤنڈ رشین مارکیٹ اسٹیل ٹاؤن میں ملازمین کا احتجاجی جلسہ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ایمپلائز ایکشن کمیٹی علی حیدر گبول نے کہا کہ اسٹیل ملز کی بحالی میں وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی اور اسٹیل ملز کی جگہ ہاؤسنگ اسکیمیں بنانے جیسے بیانات ملک کے ساتھ معاشی غداری ہے، اسٹیل ملز میں گزشتہ کئی سالوں سے مستقل سربراہ تعینات نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے انتظامی بحران پیدا ہوگیا ہے جسکا تقرر جلد از جلد کیا جائے، ملازمین کے لییفیز فوری کی الاٹمنٹ میں غیر ضروری تاخیر کی جا رہی ہے اس تاخیر کے باعث فیز فور کی زمینوں پر قبضہ ہوتا جارہا ہے اسٹیل ملز انتظامیہ اور وفاقی حکومت فوری طور قبضہ ختم کروائے اورمنظور شدہ فیز 4 کی الاٹمنٹ کا مرحلہ شروع
کریں۔ حاضر سروس ملازمین کو چارٹر آف ڈیمانڈ کے بقایاجات کی ادائیگی اپنے وسائل سے کی جائے۔ احتجاجی پروگرام سے کمیٹی کے سیکرٹری یاسر جتو ئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی پے اسکیل/ تنخواہوں میں گزشتہ بارہ سالوں سے اضافہ نہیں ہوا مہنگائی کئی گنا ہ بڑھ گئی ملازمین مالی مشکلات کا شکار ہیں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ رہنما اکبر علی ناریجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ پر من و عن عمل کر کے جبری برطرف ملزمین کو بحا ل کیا جائے ،اسٹیل ملز میں پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تقرر کیا جائے ،اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ پی ایف لون کے اجراء کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ احتجاجی پروگرام سے رہنما فرخ خان نے مینجمنٹ پاکستان اسٹیل سے تقاضہ کیا کہ جلد از جلد ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے واجبات ادا کیے جائیں کیونکہ یہ انکا بنیادی حق ہے مزید پروفیشنل ملازمین اور ٹیکنیکل اسٹاف کوحکومتی سطح پر بات چیت کر کیانکی اسکلز کے مطابق دوسرے اداروںمیں ضم کیا جائے تاکہ تحفظ روزگار انکو میسر ہوسکے۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں ہارون خٹک،نسیم حیدر اور ریحان فیصل نے کہا کہ اسٹیل ملز میں چوریوں کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، ملازمین کے لیے میڈیکل کی سہولیات بحال کی جائیں اور قبضہ مافیا سے زمین واگزار کروائی جائے۔ احتجاجی پروگرام کے بعد ملازمین نے رشین مارکیٹ سے اسٹیل ٹاؤن گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی ملازمین کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک تھی جو مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔