مزید خبریں

حیدرآباد:پی ٹی آئی امیدواروں کی جبری گمشدگی کیخلاف وکلا ءکا احتجاج

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی جبری گمشدگی کے خلاف حیدرآباد کے وکلا نے سیشن کورٹ کے باہر احتجاج کیا دھرنا دیا اور نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گرفتار کرکے غائب کی جانے والے امیدواروں کو رہا کیا جائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی حیدرآباد کے ڈویژنل صدر اور قومی اسمبلی کے امیدوار فیصل مغل ایڈووکیٹ نے کہا کہ حیدرآباد پولیس نے انتخابی امیدواروں کے گھر پر چھاپے مارے ، پی ایس 63 کے امیدوار ریحان راجپوت پی ایس کے امیدوار نعیم الدین قریشی کو گرفتار کرکے لاپتا کردیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار شعیب شوکت کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمارے امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مار کر چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا الیکشن میں حصہ لینا بھی ہمارا جرم بنادیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر ظلم ماضی میں کبھی بھی کسی جماعت کےخلاف نہیں کیا گیا ہے جتنا تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنوں پر کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار درانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ پاکستان کو اس طرف لے جانا چاہتے ہیں جہاں سے سیاست کو ختم کیا جائے بدماشی کی سیاست ہم نہیں چاہتے ہم انصاف کا بول بالا ہونے تک جدوجہد جاری رکھیں گے عوام چاہتی ہے انصاف قائم ہو بے انصاف معاشرہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا ہم یہ بولنا چاہتے ہیں کہ یہ گھروں میں گھس کر خواتین کی تذلیل کررہے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن چیف جسٹس آف پاکستان دیگر اعلیٰ حکام اس صورتحال کا نوٹس لیں ۔