مزید خبریں

ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے، نثار کھوڑو

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو،جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی اورسیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا حیدرآبادمیں جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا جس میں حیدرآباد کے عوام اپنے نوجوان قائد کا تاریخی استقبال کرےںگے اور یہ جلسہ انتخابات سے قبل مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کیجانب سے منعقدہ جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں حیدرآباد شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی پی پی ضلع حیدرآباد علی محمد سہتو، اطلاعات سیکرٹری احسان ابڑو، انجینئر سکندر حیات اور دیگر کارکنان اور رہنما بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب ایک نئی سوچ کی جانب جانا چاہتی ہے، چیئرمین بلاول زرداری نے ہمیں نئی سوچ کا نعرہ دیا ہے جس میں برداشت اور رواداری ہے، ہمارا مقابلہ دیگر سیاسی جماعتوں سے نہیں بلکہ ہمارا مقابلہ غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ انتقام کی سیاست کی ہے اگر انہیں چوتھی بار اقتدار ملا تو وہ وہ ہی کچھ کریں گے جو وہ کرتے آئے ہیں یعنی لوگوں سے خونی انتقام لیں گے، ہمارا نعرہ نہیں سوچ ہے ہم سوچ کے ساتھ عوام میں انسانیت اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی سوچ کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں ۔