مزید خبریں

عوام نے موقع دیا تو مسائل دیلیز پر حل کرینگے،امیر العظیم

لاہور (نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور ڈیفنس سرکل کے صدر ذکی الدین شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کے لیے نڈر، بے باک، باصلاحیت اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے، اب حقیقی تبدیلی کی ہوا چل پڑی اور باشعور لوگ جوک در جوک جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں، لوگ جھوٹے وعدے کرنے والی سیاسی پارٹیوں سے نجات چاہتے ہیں، قوم کو سمجھ آ چکی، اسلامی نظام ہی میں ہماری فلاح ہے، سودی نظام نے معیشت تباہ کی، سودی نظام اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ ہے، 76 سال میں بننے والی تمام حکومتوں نے سودی نظام کو تحفظ دیا، جماعت اسلامی سودی نظام کا خاتمہ کرے گی اور ملک خوشحال بنانے کے لیے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا نظام لائے گی، اہل لاہور جاگ گئے اور جب لاہور جاگے گا تو ملک بدلے گا، پاکستان ایسا ملک بنے گا جو خوشحال ہو گا، جہاں امن ہو گا، جہاں اسلامی قانون چلے گا، عوام جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر کامیاب کرائے تو ان کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل کریں گے۔ موجودہ الیکشن میں بھی وہی لوگ جھوٹے وعدے کر رہے ہیں جو عرصہ دراز سے عوام پر مسلط ہیں، خاندانوں کی حکمرانی چاہنے والے ملک میں جمہور کی حکمرانی نہیں چاہتے، باریاں لگانے والوں کی باری ختم، اب عوام کی باری آئے گی، قوم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ترازو کا انتخاب کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ڈیفنس سرکل کے زیر اہتمام تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں دوسری سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں نے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت اور جماعت اسلامی کے اُمیدواروں کی مکمل سپورٹ کا اعلان کیا۔ تقریب سے پی پی 157 سے اُمیدوار صوبائی اسمبلی محمد عرفان مغل اور پی پی 156 سے اُمیدوار صوبائی اسمبلی میاں خبیب نذیر اور این اے 122 سے اُمیدوار ڈاکٹر زیبا وقار نے بھی خطاب کیا۔