مزید خبریں

فلسطینیوں کیلئے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ ہے،الخدمت فائونڈیشن

اسلام آباد (پ ر) پاکستان میں فلسطین کے ڈپٹی ایمبیسیڈر نادر الترک نے الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میاں محمد اسلم، ائر وائس مارشل (ر) فاروق حبیب، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، نصر اللہ رندھاوا، امجد حسین، حامد اطہر ملک، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد، محمدالطاف شیر سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد، ڈاکٹر محمد باقر خاکوانی اور الخدمت کی کور ٹیم موجود تھی۔ حامد اطہر ملک صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی فلسطین میں جاری خدمات کا ذکر کیا، آفس اور کور ٹیم کا تعارف کرایا اور انہیں یقین دلایا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف غزہ اور فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارااور پوری اُمت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ صدر الخدمت نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن فلطینیوں کے لیے پانی، صحت اور آرفن کیئر کے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں فیلڈ اسپتال، پانی کے منصوبے اور آغوش ہوم کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں جبکہ الخدمت اب تک اربوں روپے کی مالی امداد بھیجنے کے ساتھ ساتھ 12 کروڑ روپے کا امدادی سامان بھجوا چکی ہے اور مزید 40 کروڑ روپے کا سامان بھی جلد تقسیم کیا جائے گا۔ فلسطینی ڈپٹی ایمبیسیڈر نادر الترک نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں مجھے جو محبت اور پیار ملا ہے وہ یقینا قبلہ اول کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین تاریخ کے مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، فلسطینی پانی خوراک اور بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں اور جہاں اسرائیلی بربریت اور مظالم سے ہزاروں بچے، عورتیں اور بوڑھے شہید ہو رہے ہیں ایسے میں الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات قابل رشک ہیں۔ اس موقع پر میاں اسلم، نصراللہ رندھاوا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔