مزید خبریں

پاکستان ریلوے مزدور محاذ وفد کی حبیب جنیدی سے ملاقات

پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن میں ٹریڈ یونین تحریک اور مزدور رہنماؤں کے خلاف کی جانے والی انتقامی کارروائیوں کی ہم شدید مذمت اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزدور دشمن اقدامات اٹھانے سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، سینئر نائب صدر لعل بخش کلہوڑو، جنرل سیکرٹری فیاض علی شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سلیم سومرو نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ پاکستان ریلوے مزدور محاذ کے مرکزی صدر محمد نسیم رائو، مرکزی چیئرمین منظور احمد ملاح اور مرکزی سینئر نائب صدر دلبر خان مگسی پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور پاکستان ریلویز کے محنت کشوں کے مسائل اور حالات سے انہیں آگاہ کیا اور بتایا کہ
مزدوروں کو در پیش مسائل پر آواز بلند کرنے کی پاداش میں خاص طور پر کراچی ریلوے کی انتظامیہ کی طرف سے سینئر مزدور رہنمامنظور احمد ملاح کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر کے انہیں انتقامی کارروائی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پی ایل بی سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے انتہائی توجہ سے وفد کی گفتگو کو سنا اور کہا کہ پیپلز لیبر بیورو پاکستان بھر میں مزدور طبقہ اور ان کے رہنماؤں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کمر بستہ اور پوری طاقت سے ان کی پشت پر کھڑی ہے۔