مزید خبریں

عوام کی ترجمانی میں صحافیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،زبیر حفیظ

سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سکھر و حلقہ پی ایس 24 اور 25 کے نامزد اُمیدوار زبیر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جس کا معاشرے میں اہم کردار ہے، معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے کیمرہ مینوں و فوٹو گرافروں کا کردار قابل تعریف اور ملک میں جمہوریت کے فروغ اور انسانی حقوق کی بحالی و مظلوم عوام کے حقوق کی ترجمانی میں صحافی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان کی پیشہ وارانہ خدمات پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی سکھر کی جانب سے کیمرا مین اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ چائے پارٹی کے انعقاد پر کیا۔ وفد میں صدر جاوید گھنیو، نائب اشفاق کھوسو، سینئر نائب صدر راجا شاہد، جنرل سیکرٹری صلاح الدین سمیجو، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابراہیم سومرانی، خازن نعیم غوری اور دیگر شامل تھے۔ زبیر حفیظ شیخ نے کہا کہ جماعت اسلامی اُمید رکھتی ہے کہ جرنلسٹ قیادت ملک میں اظہار آزادی رائے اور صحافیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، جماعت اسلامی، وکلا اور صحافیوں کی قیادت ہمیشہ شفاف جمہوری عمل سے منتخب ہوتی ہے، ملک اسی صورت میں آگے بڑھے گا جب جمہوری عمل مضبوط، شفاف اور تواتر سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صحافت اور صحافیوں کی آزادی پر یقین اور ان کے حقوق کے تحفظ کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، جماعت اسلامی میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، جب بھی حکومت کی طرف سے میڈیا پرکسی قسم پابندی کی بات ہوئی، ہم نے مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کے مطابق گزشتہ 8 سال میں مہنگائی میں تو 100 بار اضافہ ہوا ہے لیکن کیمرامینوں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا، یہ بھی انسان ہیں ان کے بھی بچے ہیں بجلی کا بل ادا کرنا ہے بچوں کی تعلیم سمیت سارے اخراجات ان کو کرنے ہیں۔