مزید خبریں

لوگوں میں امن اور بھائی چارگی پر وان چڑھا نا ہے،فیصل عقیلی

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلا کمشنر میراتھن ریس عوام کے لیے بڑا تحفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کمپلیکس میں میراتھن ریس کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ21 جنوری کو ہونے والے پہلے کمشنر میراتھن ریس کے انعقاد کروانے کا مقصد لوگوں میں امن، پیار و محبت اور بھائی چارگی کو پروان چڑھانا ہے اور کہا کہ میراتھن میں واک اور نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے میراتھن ریس کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں لڑکوں کی میراتھن ریس 5 کلو میٹر اور لڑکیوں کی میراتھن ریس ڈیڑھ کلو میٹر تک ہوگی جبکہ میراتھن ریس کی اختتامی تقریب گاما اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 25 ہزار اور میڈل انعام، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 15 ہزار اور میڈل، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10 ہزار اور میڈل جبکہ چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5 ، 5 ہزار انعام اور میڈل دیا جائے گا۔ کمشنر نے اس بات کا اعلان کیا کہ میراتھن میں ہونے والی واک میں بزرگ شہری بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میراتھن مقابلوں کو بہتر طور پر اُجاگر کریں تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ میرپورخاص زندہ دلوں کے لوگوں کا شہر ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ون علی نواز بھوت، ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون میرپورخاص پریم چند، ڈسٹرکٹ آفیسر اسپورٹس واس دیو، اسپورٹس آرگنائزر میرپورخاص واحد حسین پہلوانی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔