مزید خبریں

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں بابر اعظم نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا

سید پرویز قیصر
بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں68 منٹ میں35 گیندوں پر6 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے57 رنز بنائے جسکے بعد وہ اس قسم کے کرکٹ میں دوسرے سب زیادہ 50سے بڑے اسکور بنانے والے بلے باز بن گئے۔
دائیں ہاتھ سے بلے باز کرنے والے اس کھلاڑی نے2016 سے اب تک جو105 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں جن کی99 اننگز میں41.67 کی اوسط اور128.84 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ3 سنچریوں اور31 نصف سنچریوں کی مدد سے3542 رنز بنائے ہیں۔ وہ کل4 3 مرتبہ 50 سے بڑا اسکور بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ5 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور122 رنز ہے جو انہو ں نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں14 اپریل 2021 کو ہوئے میچ میں77 منٹ میں59گیندوں پر15 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے بنائے تھے۔ اس میچ میں پاکستان نے9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ50 سے بڑی اننگ کھیلنے کا اعزاز بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے38 مرتبہ ایسا کیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 2010 سے اب تک جن115 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی ہے انکی107 اننگزمیں52.73 کی اوسط اور137.96 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور37 نصف سنچریوں کی مدد سے4008 رنزبنائے ہیں۔ اس قسم کے کرکٹ میں 4ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے وہ واحد بلے باز ہیں۔ وہ4 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر122 رنزہے جو انہوں نے دبئی میں8 ستمبر2022 کو افغانستان کے خلاف90 منٹ میں61 گیندوں پر12 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں بھارت نے101 رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔
روہت شرما نے 2007 سے اب تک جو149 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی141 اننگزمیں31.07 کی اوسط اور 139.14 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 4 سنچریوں اور29 نصف سنچریوں کی مدد سے3853 رنز بنائے ہیں۔ وہ کل ملاکر33 مرتبہ50 سے بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔11 مرتبہ وہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 118 رنز ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف اندور میں22 دسمبر2017 کو ہوئے میچ میں61 منٹ میں43 گیندوں پر12 چوکوں اور10 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں بھارت نے 88 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی کو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے149 میچوں کی141 اننگز میں4 سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ آسڑیلیا کے گلین میکسویل100 میچوں کی 92 اننگز میں 4 سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ بھارت کے سوریہ کمار یادو60 میچوں کی57 اننگز میں4 مرتبہ 100رنز سے بڑی اننگز کھیلی ہیں۔