مزید خبریں

استحصالی نظام نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے ، جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور اُمید وار قومی اسمبلی حلقہ این اے 124 محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا 7 فیصد کرے گی، طلبہ یونین بحال کریں گے، ہر ڈویژن کی سطح پر خواتین کے لیے الگ اسٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائیں گے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں جے آئی یوتھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ استحصالی نظام نے نوجوان کو مایوس کیا ہے، نوجوان رشوت اور سفارش کے بغیر نوکری نہیں حاصل کر سکتے، جب سب سب ترقی یافتہ ممالک روزگار الائونس دے سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں ہو سکتا؟ انہوں نے کہا کہ خوشحال مستقبل کے لیے سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے، ملک کو جتنا نقصان انتقامی سیاست نے پہنچایا ہے اتنا کسی اور چیز نے نہیں پہنچایا، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا، ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا، داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رُکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو حکمرانوں کی کرپشن نے تباہ اور اسے 77 ہزار ارب کا مقروض کیا، حکمران قرضوں کا حساب دیں، روزانہ اربوں کی کرپشن ہوتی ہے، جماعت اسلامی کرپٹ افراد کے احتساب کو یقینی بنائے گی، کیونکہ ہمارے پاس محب وطن اور ایماندار قیادت موجود ہے جو ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ محمدجاویدقصوری نے کہا کہ حکمرانوں اور مافیاز کے گٹھ جوڑ سے قومی ادارے تباہ ہو گئے، ملک میں اسٹیٹس کو اور ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے، وہ طبقات مسلط ہیں جن کے نام پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز میں آئے اور جنہوں نے توشہ خانہ اور ملک کے خزانے کو شیرِمادر سمجھ کر ہڑپ لیا، بینک لوٹے اور قرض معاف کرائے، قوم 8 فروری کو لٹیروں کے لیے یوم حساب بنا دے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے متعددبار حکومتیں کیں، مزید مسلط رہنا چاہتی ہیں، عوام ووٹ ڈالتے وقت ان سب کی کارکردگی لازمی دیکھیں۔