مزید خبریں

۔ 5 سال شکل نہیں دکھاتے، ووٹ مانگنے آجاتے ہو

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ووٹ مانگنے کے لیے جانے والے پیپلزپارٹی کے اُمیدواروں کو ووٹروں نے کھری کھری سنا دی، 5 سال تک ہمیں شکل نہیں دکھاتے، ووٹ لینے آجاتے ہو،جیت کے بعد کام اور نوکریاں اپنے خاص لوگوں کو دیتے ہو، اب ووٹ بھی ان سے جاکر لو۔ تفصیلات کے مطابق تعلقہ حسین بخش مری کے گاؤں میرو مری میں پی ایس 45 پیپلزپارٹی کے اُمیدوار سابق صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال اور این اے 211 پی پی کے اُمیدوار پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی کے فرزند پیر حسن شاہ جیلانی کارنر میٹنگ کے لیے جیسے ہی گاؤں کے لوگوں کے درمیان پہنچے تو انہیں سخت ندامت اور سبکی کا سامنا کرنا پڑا، گاؤں کے لوگوں نے انہیں ووٹ دینے سے صاف انکار کرکے کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ کام اپنے من پسند لوگوں کو دیتے ہو، ہمارے کام کرتے نہیں ہو، ملاقات کرنے آپ کے دروازے پر آتے ہیں تو آپ کا نوکر دروازے ہی سے لوٹا دیتا ہے کہ صاحب میٹنگ میں ہیں، صاحب کراچی گئے ہیں۔ ووٹروں نے انہیں مزید سناتے ہوئے کہا کہ ووٹ نہیں دیں گے، ہمارے دروازے پر آئے ہو، اس لیے چائے پیو اور نکل جاؤ۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی میرپورخاص بھر میں وائرل ہوئی ہے، جسے پی پی مخالف لوگ مزے لے کر آگے فارورڈ کررہے ہیں۔