مزید خبریں

ماتلی : پیر واہ نہر سے مٹی نکال کر فروخت کرنے کا سلسلہ شروع

ماتلی (نمائندہ جسارت) اکرم کینال اور جگسی واہ کے بعد پیر واہ نہر سے بھی مٹی نکال کر فروخت کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی پھلیلی کینال اور اکرم کینال کی سرکاری انتظامیہ اور سیڈا کے نگرانوں کی خاموشی کی وجہ سے نہری پانی کی بندش کے بعد نہروں سے غیر قانونی مٹی نکال کر فروخت کرنے والی مافیا ہر سال کی طرح بھرپور طریقہ سے سرگرم ہو گئی۔ پھلیلی کینال سے نکلنے والی جگسی واہ المعروف لغاری واہ اور جامشورو کے مقام سے براہ راست نکلنے والی اکرم کینال چینل نہر سے غیر قانونی مٹی نکالنے کی کھلی نشاندہی ماتلی اور ٹنڈو ظلام حیدر میڈیا کی جانب سے کی گئی تھی۔ مٹی نکالنے میں ملوث افراد نے اب فلکارہ روڈ کے قریب ماتلی برانچ المعروف پیر واہ نہر سے مٹی نکال کر فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ نان انجینئرنگ اور نان ٹیکنیکل بنیاد پر مٹی نکالنے کی وجہ سے نہروں کی انسپیکشن پاتھ کا اسٹرکچر تباہ ہو رہا ہے، مٹی نکال کر فروخت کر کے زیادہ سے زیادہ کمانے کے چکر میں نہ گہرائی کا اور نہ کناروں کے سلوب کو مد نظر رکھا جا رہا ہے، اس انداز سے مٹی نکالنے کی سے وجہ نہر کے کنارے کمزور ہو رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے اکرم واہ سے مٹی نکالنے والی ایکسیویٹر مشین کو اپنی تحویل میں بھی لیا گیا تھا جبکہ ٹنڈو غلام حیدر پولیس اور دیگر سرکاری انتظامیہ بشمول پولیس کسی نے جگسی واہ سے مٹی نکال کر فروخت کرنے والی مافیا کے خلاف ایکشن نہیں لیا ۔