مزید خبریں

پاکستانی تیز بولر عباس آفریدی پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے میں کامیاب

پاکستان نے تیز بولر عباس آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کرلی۔انہوں نے 5ویں گیند پر نیوزی لینڈ کے افتتاحی بلے باز فن ایلن کو عامر جمال کے ہاتھوں کیچ کراکے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس میچ میں انہوں نے2 اور کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کل ملاکر وہ4 اوور میں34 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ وہ پاکستان کی جانب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں 3 کھلاڑیو ں کو آئوٹ کرنے والے 7ویں بولر بنے۔
پاکستان کی جانب سے2 بولروں نے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی جبکہ کئی بولرز پہلے اوور میں وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔تیز بولر عامر یامین نے انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں30 نومبر2015 کو ہوئے میچ میں افتتاحی بلے باز جیسن رائے ایل بی ڈبلیو کرکے ایسا کیا تھا۔ انہوں نے میچ کی پہلی گیند پر یہ وکٹ حاصل کی تھی اور یہ میچ ٹائی رہا تھا۔
اسی میدان پر افغانستان کے خلاف 24 مارچ2023 کو ہوئے میچ میں تیز بولر احسان اللہ ابراہم زردان کو پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ کرانے میں کامیاب رہے تھے۔اس اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے گلبدین نائب کو محمد ہارث کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلے اوور میں3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے واحد بولر پاکستان کے منصورامجد ہیں۔ اس لیگ بریک گگلی بولر نے بنگلا دیش کے خلاف کراچی میں20 اپریل 2008کو اپنا واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلا تھا اور دوسری گیند پر محمود اللہ کو وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں اسٹمپ کرایا تھا۔ اوور کی 5ویں گیند پر انہوں نے مشرف مرتضی کو عمر گل کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا جبکہ آخری گیند پر وہ شہادت حسین کو بولڈ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ پاکستان نے اس میچ میں 102 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
شاہنواز دھانی نے بنگلادیش کے خلاف میرپور،ڈھاکامیں22 نومبر2021 کو اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر کی شروعات کی تھی اور پہلے اوور کی تیسری گیند پر نجم الحسین شانٹو کو بولڈ کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے5 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
بھارت کے خلاف دبئی میں 28 اگست 2022 کو کھیلے گئے میچ میں تیز بولر نسم شاہ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیرئیر کی شروعات انتہائی شاندار طریقے سے کی تھی اور اپنی دوسری ہی گیند پر افتتاحی بلے باز لوکیش راہول کو بولڈ کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان کو 2 گیند قبل5 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
لیگ بریک بولر شاداب خان نے اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں 4 اوور میں7 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو پاکستان کی جانب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں دوسری سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹائون میں26 مارچ2017 کو اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلا تھا اور پہلے اوور میں2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔ وہ دوسری گیند پر چیدویک والٹن کو ایل بی دبلیو کرنے کے بعد چوتھی گیند پر لینڈل سیمنس کو بولڈ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ اس میچ میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔
بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرانے والے ذولفقار بابر نے بھی اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں وکٹ حاصل کی تھی۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگس ٹاون میں27 فروری2013 کو اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلا تھا اور پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر لینڈل سیمنس کو بولڈ کیا تھا۔ پاکستان اس میچ میں 2 وکٹوں سے فتحیاب ہوا تھا۔
جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں14 فروری2021 کو ہوئے میچ میں زاہد محمود نے اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا تھا، انکی پہلی گیند پر چوکا لگا تھا جبکہ تیسری اور چوتھی گیند پر وہ وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ تیسری گیند پر انہوں نے ہنریچ کلاسین کو عثمان قارد کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا جبکہ چوتھی گیند پر وہ جانے من ملان کو ایل بی دبلیو کرنے میں کامیاب رہے تھے۔