مزید خبریں

امریکا کی 12ریاستیں برفانی طوفان کی زد میں‘ 3افراد ہلاک

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی 12 مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان اور بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بجلی کا نظام متاثر ہونے کے بعد تقریباً 5 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ۔ امریکی ریاست فلوریڈا سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ جارجیا میں تقریبا 50 ہزار افراد کو بجلی کی سہولت میسر نہیں۔ ایسٹ کوسٹ کے بعض علاقوں کو شدید بارش کا سامنا ہے جبکہ پیسیفک اور شمال مشرق میں آندھی اور برفباری ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے اختتام تک درجہ حرارت مزید گرنے کی پیشگوئی کی ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق فلوریڈا میں مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔ مشرقی ریاستوں میں طوفانی برفباری کے باعث ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی۔ گھر، گاڑیاں، سڑکیں سب برف سے ڈھک چکی ہیں۔ شدید برفباری کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ فلوریڈا میں تیز ہواؤں سے درخت اکھڑ گئے، جبکہ گھروں گاڑیوں اور بجلی کے کھمبوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ فلوریڈا میں بڑے طوفان کے بعد حکام نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر 2022ء کے بعد یہ سرد ترین موسم ہوگا۔