مزید خبریں

اسپین پہنچنے کی کوشش میں 6 ہزار سے زائد افراد لاپتا

میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) 2023 ء میں سمندر کے راستے اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران 6ہزار 618 تارکین وطن ہلاک یا لاپتا ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے اپنے ایک بیان میں ان خوفناک اعداد و شمار کا انکشاف کیا ہے۔ گروپ کی کوآرڈینیٹر نے اسپین کے شہر میڈرڈ میں نیوز کانفرنس کو بتایا کہ یہ شرمناک اعداد و شمار گزشتہ سال میں ریکارڈ کی گئی تعداد سے تقریباً 3گنا زیاد ہ ہیں ۔ 2022 ء میں 2ہزار 390 لاپتا یا ہلاک ہوگئے تھے۔ تارکین وطن کے خاندانوں اور سرکاری ریسکیو حکام کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کو مرتب کرنے والی تنظیم کے مطابق ان افراد میں مجموعی طور پر 384 بچے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال مہاجرین کی اموات اور لاپتا ہونے میں اضافے کی وجہ امدادی کارکنوں کے لیے وسائل کی کمی کو قرار دیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں تقریباً نصف تعداد ان تارکین وطن شامل تھی جو سینیگال سے اسپین روانہ ہوئے تھے۔ہسپانوی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 ء میں اسپین میں غیر قانونی طور پر پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دگنا ہو کر 56ہزار 852 تک پہنچ گئی۔یہ تعداد 2018 ء کے بعد سب سے زیادہ تعداد تھی ۔