مزید خبریں

ٹکٹوں کی تقسیم: پی پی ناراض رہنمائوں کو منانے میں ناکام،لاہور میں کارکنان آپس میں لڑپڑے

گھوٹکی/ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹکٹوں کی تقسیم پر جیالے آمنے سامنے آگئے، پیپلزپارٹی کا ناراض جیالے رہنماؤں کو منانے کے لیے مصالحتی مشن ناکام ، دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے لاہور کے حلقے این اے 127 میں ورکرز کنونشن میں چیئرمین بلاول زرداری کی آمد سے قبل جیالے ایک دوسرے سے لڑ پڑے۔ کنونشن میں کرسی پر بیٹھنے کے معاملے پر جھگڑا شروع ہوا جس کے بعد جیالوں نے ایک دوسرے پر گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش کر دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بیچ بچاؤ کروایا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے بعد مصالحتی ٹیم گھوٹکی پہنچ گئی، پیپلزپارٹی کی مصالحتی ٹیم پی ایس 18 سے امیدوار جام مہتاب ڈھر کے گھر پہنچی، پیپلزپارٹی 2018ء میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے سردار شہریارشر کو ٹکٹ دینا چاہتی ہے۔ وفد نے جام مہتاب کو جاتے ہوئے پیغام دیا کہ 2018ء میں شہریارشر نے جام مہتاب ڈھر کو شکست دی تھی، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ پارٹی قیادت کے فیصلے کا احترام کریں گے، جیکب آباد میں پی ایس3 سے ناراض جیالے رہنما ممتاز جکھرانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ رات گئے مرادعلی شاہ کی زیر قیادت مصالحتی کمیٹی ممتاز جکھرانی کو راضی نہ کرسکی، ممتاز جکھرانی نے کہا کہ میں حلقے سے 2 مرتبہ جیت چکا ہوں، پیپلزپارٹی نے جس کو ٹکٹ دیا وہ یوسی ہار گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق خیرپور سے پی ایس 31 کنگری کی نشست پر منظور وسان اور بچل شاہ آمنے سامنے ہیں، کراچی میں بھی پیپلزپارٹی نے مختلف نشستوں پر امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، پی ایس 93 کورنگی سے امیدوار کو تبدیل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس 121غربی کی نشست پر بھی امیدوار تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، مرادعلی شاہ، قائم علی شاہ، نثار کھوڑو کی سربراہی میں الگ الگ مصالحتی کمیٹیاں ناراض جیالے رہنماؤں کو منارہی ہیں۔