مزید خبریں

تینوں ناکام سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے منشور نہیں کارکردگی پیش کریں،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام ناکام سیاسی جماعتوں کی نالائقیوں اور نااہلیوں کو پہچان چکے ہیںجس کی وجہ سے سابق حکمراں عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ نظر آرہے ہیں۔ تینوں ناکام سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے منشور کے بجائے کارکردگی پیش کریں۔ملک و قوم کے دشمن الیکشن میں التوا چاہتے ہیں،جن خدشات کے پیش نظرانتخابات ملتوی کرنے کی بازگشت ہورہی ہیں اُن سب کا حل بروقت اور شفاف انتخابات ہی ہیں۔جمہوری اور ترقی یافتہ ریاستیں ہر قیمت پر عوام کو حق رائے دہی کا موقع دیتی ہیں۔طے شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن نہ کرائے گئے تو ملکی استحکام اور یکجہتی کو شدیدخطرات لاحق ہوں گے۔خاندانوں پر مشتمل سیاسی جماعتیں اسٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں اور اختیارات کو منتقل ہوتا دیکھنا نہیں چاہتیں ۔جماعت اسلامی فوری غیرجانبدار اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ ملک ترقی اور استحکام کی طرف گامزن ہو۔عوام8فروری کو ترازو پر مہر لگا کر ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے احیاء العلوم بلامبٹ میں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی دیر پائین و نامزد امیدوار پی کے 17اعزازالملک افکاری، امیدوار پی کے 14صاحبزادہ یعقوب اور امیدوار پی کے 16 شاد نواز خان بھی موجود تھے۔امیر جماعت نے مزید کہا کہ الیکشن التواکے حق میں سینٹ قراداد ملک وجمہوریت کیخلاف سازش ہے۔ جمہوریت کی گاڑی پٹڑی سے اتری تو پھرکوئی ٹریک پرنہیں چڑھاسکے گا۔ بلوچستان،خیبرپختونخوا میں بدامنی سے الیکشن ملتوی کرنا انتشار پھیلانیوالوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ملک میں امن واستحکام شفاف اوربروقت الیکشن سے آئے گا۔سراج الحق نے کہا کہ عام آدمی اس وقت ملکی حالات سے پریشان ہے۔بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اضافہ ظلم ہے جس کو ہم مستردکرتے ہیں۔بے روزگاری ،بدامنی،مہنگائی اور سیاسی انتشار کے باعث نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں کے بوجھ نے غریب پاکستانی کی کمرتوڑدی ہے،ہر پاکستانی اپنے مستقبل کے حوالے سے خوفزد ہے۔دو وقت کی روٹی ،صحت، تعلیم کا حصول ناممکن ہوگیا ہے۔پاکستانی پاسپورٹ اقوام عالم کے لیے ناقابل قبول ہے۔ ہر پاکستانی مایوسی ،نا امیدی اور اضطراب کا شکار ہے۔آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹ سے کامیابی حاصل کرکے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی ہی ملک میں بھرپور انتخابی مہم چلارہی ہے۔ماضی میں حکومت کرنے والے سیاسی حکمران عوام کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔گزشتہ 76برس میں حکمران ٹولے کی جاگیروں میں اضافہ ہوا جبکہ عام آدمی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ان حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوئی،مسائل میں اضافہ ہوا۔ہم چہرے نہیں نطام بدلنے کے خواہاں ہیں،پانچ فیصداشرافیہ نے پچانوے فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہے۔ان حالات میں جماعت اسلامی نے انقلابی منشور پیش کیاہے جس میں نوجوانوں ،کسانوں ،خواتین ،مزدوروں اور اقلیتوں کو فوکس کیا گیا ہے۔قوم جماعت اسلامی پر اعتماد کرکے 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں،ہماری باصلاحیت ٹیم پاکستان کو ایک مضبوط اور مثالی ریاست بنائے گی۔