مزید خبریں

چیئرمین سینیٹ نے انتخابات ملتوی ہونے کی سازش میں سہولت کاری کی، پی پی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے بڑے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ سینیٹ میں 8 فروری کے انتخابات کو ملتوی کرنے کی منظور کردہ قرارداد کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے،پیپلز پارٹی سینیٹ کی جانب سے اس قسم کی قرارداد کی منظوری کی مذمت کرتی ہے۔ اپنے ایک بیان میںنثار کھوڑو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے انتخابات ملتوی ہونے کی آئوٹ آف ٹرن قرارداد پیش ہونے کی اجازت دے کر سازش میں سہولت کاری کی ہے۔ پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ سینیٹ کا کورم پورا نہ ہونے کے باوجود چیئرمین سینیٹ نے قرارداد پیش کرنے کی اجازت دے کر جمہوریت کے خلاف اپنی نیت ظاہر کردی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سینیٹ میں 12 اراکین کی جانب سے قرارداد منظور کرنے سے انتخابات ملتوی نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 8 فروری کو شفاف انتخابات کراکر ملک کو عوام نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے بغیر ملک اس وقت عوام سے چھینا ہوا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کے 96 ویں یومِ ولادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی شعبہ خواتین کی سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام مظلوم، پسماندہ اور محروم طبقات کے لیے امیدوں کا روشن مینار تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ڈکٹیٹروں کے خلاف ان کی دلیرانہ مزاحمت کی یاد کو ہمیشہ اپنے دلوں میں محفوظ رکھیں گے۔