مزید خبریں

پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث355 بڑے گینگز کا خاتمہ کردیا

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج کی سربراہی میں رینج پولیس نے جہد مسلسل اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈاکووں ، رہزنوں، نقب زنوں، چوروں اور وہیکل و موٹر سائیکل لفٹرز و اسنیچرز کے 355 بڑے گینگز کا خاتمہ کیا۔ حیدرآباد رینج کے مختلف اضلاع کے تھانہ جات کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ 320 پولیس مقابلے ہوئے جن میں سب سے زیادہ پولیس مقابلے ضلع دادو 146، حیدرآباد 119، جامشورو 17، ٹنڈو الہیار 12، بدین 11، مٹیاری 6 ، ٹھٹھہ 5 اور ٹنڈو محمد خان 4 شامل ہیں۔ مقابلوں میں 17 جرائم پیشہ عناصر ہلاک، 197 زخمی حالت اور 1829 رنگے ہاتھوں سمیت 5585 ملزمان گرفتار ہوئے، سماج دشمن عناصر کیخلاف ان مقابلوں میں رینج پولیس کے 15 افسران و اہلکاران بھی زخمی ہوئے۔ حیدرآباد رینج پولیس معاشرے سے جرائم کے خاتمے قانون کی بالا دستی اور شہریوں کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ میں سرگرم رہی، مشکل حالات اور موسم کی تمازت کی پرواہ کیے بغیر بہادر و جانباز رینج پولیس نے مختلف چھاپا مار کارروائیوں، مہمات اور آپریشن کے نتیجے میں ڈاکووں،نقب زنوں، رہزنوں، اغوا برائے تاوان کے ملزمان، چوروں، منشیات فروشوں، مضر صحت مین پوری و گٹکے کے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد، سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث مقدمات میں مطلوب روپوش مفرور و اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ غیر قانونی اسلحے کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز کارروائیاں کرتے ہوئے 1198 ملزمان کو 4 ہینڈ گرنیڈ، 8 عدد G-3 رائفل، 28 کلاشنکوف، 1063پسٹل و ریوالورز، 103 شارٹ گنز/ریپیٹر 27 رائفل اور بھاری مقدار میں گولیاں و کارتوس بر آمد کیے، ملزمان کے خلاف 1208 مقدمات درج کیے گئے۔ منشیات اور نارکوٹکس ڈیلرز کے خلاف تیز کارروائیاں کرکے 3846 منشا ت فروشوں کو شکنجے میں لے کر امتناع منشیات کے تحت 2978 کیسز درج کیے، گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سے ایک کلو391 گرام ہیروئن، 5 کلو 171 گرام آئس، 1625 کلو 300 گرام چرس، 25 کلو 125 گرام افیون، 2000 کلو 230 گرام بھنگ 122421 لیٹرز شراب قبضے میں لی گئی، شہریوں کو منہ کے مہلک امراض میں مبتلا کرکے موت کے دہانے لے جانے والی مین پوری و گٹکے کے خلاف حیدرآباد رینج پولیس نے تابڑ توڑ کارروائیاں کرتے ہوئے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں مصروف رہی۔