مزید خبریں

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اونر شپ خط جاری کرنے کیلیے رشوت مانگ رہے ہیں، سپاف

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (سپاف) ضلع حیدرآباد دیہی کے صدر فراز علی نے اپنے دیگر ساتھیوں نذر محمد ڈومکی، شہباز وسطڑو، لالا نجیب موسیٰ خیل اور دیگر کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اونر شپ تصدیقی خط جاری کرنے کے لیے بھاری رشوت طلب کر رہے ہیں، اپنے مسائل کے حل کے لیے ڈی سی آفس جانے والے شہریوں کو تذلیل کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کا فوری نوٹس لے کر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو ہٹا کر تمام سرکاری اختیارات واپس لیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2 جنوری کے روز اونر شپ تصدیقی خط کے لیے ڈی سی آفس پہنچا جہاں عملے نے غیر ضروری آفس کے چکر لگوائے اور تصدیق کے لیے اے ڈی سی ون تو کبھی ڈی سی سے ملنے کے لیے کہا گیا، تا ہم بڑی مشکل سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے ملاقات کی تو ڈپٹی کمشنر نے مجھ سے غیر مناسب رویہ اختیار کیا اور بدتمیزی سے پیش آتے ہوئے تصدیقی خط کے لیے رشوت طلب کی جو انتہائی نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تصدیقی خط کے لیے صرف اس لیے پریشان کیا جا رہا ہے کہ میں نے رشوت دینے سے انکار کیا تھا۔ انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری سندھ سے اپیل کی کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے غیر اخلاقی رویے اور رشوت طلب کرنے کا فوری نوٹس لے کر عہدے سے ہٹایا اور مجھے اونرشپ تصدیقی خط فوری جاری کر کے مزید پریشانی سے بچایا جائے۔