مزید خبریں

بھارت ، ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال جاری، پیٹرول پمپ بند

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال ختم نہیں ہوسکی اور کئی ریاستیں اس سے متاثر ہونے لگیں۔ ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال کا اثر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی سامنے آیا۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پیٹرول پمپ پر طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شہری گاڑیوں میں پیٹرول اور ڈیزل بھروانے میں مصروف ہیں، کیوں کہ ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والی گاڑیاں 2روز سے نہیں آرہیں۔ پٹرول پمپ میں 3دن تک کا اسٹاک موجود تھا جو کسی بھی وقت ختم ہوجائے گا۔ 2 دن گزرنے کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے والا ایک بھی ٹرک نہیں پہنچا،جس کے باعث عوام کا ہجوم پیٹرول پمپ پر جمع ہوگیا ہے۔ ممبئی میں عام طور پر روزانہ 1500 گاڑیوں کے ذریعے ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔ لیکن بدھ کے روز پیٹرول کا ایک ٹرک بھی ممبئی نہیں پہنچا ۔ مہاراشٹر کے کئی علاقوں بالخصوص ممبئی میں پیر کی رات ہی سے پیٹرول پمپوں پر عوام کا جم غفیر موجود ہے۔ پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے۔ حالانکہ آئل ٹرک ڈرائیور ہڑتال پر ہیں۔پنجاب میں بھی کئی پٹرول پمپ اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوگئے ہیں۔ اسی طرح کی صورتحال ملک کی دیگر ریاستوں میں دیکھی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ حکومت کے نئے تعزیری قانون پر کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے احتجاج شروع کیا ہے۔ نئے قانون میں حادثات کا سبب بننے اور موقع سے فرار ہونے والے ڈرائیور کو 10سال قید اور 7لاکھ روپے جرمانہ کیا جائیگا۔