مزید خبریں

۔2023ء: اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، روپے کی قدر میں کمی ، سونے کی قیمت میں اضافہ رہا

کراچی (رپورٹ: قاضی جاوید) 2023ء کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ‘ روپیہ کی قدرمیںکمی اورسونے کی قیمت میں اضافہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس 10 دسمبر کو کے ایس ای100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 66 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا، جبکہ رواں سال ہی 26 دسمبر کو ایک روز میں
2534 پوائنٹس کی بدترین تنزلی کا بھی ریکارڈ قائم ہوا۔ رواں برس اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں نے 53 فیصد منافع کمایا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 25 دسمبر کو قائد اعظم کی پیدائش پر عام تعطیل کے باعث4 دنوں تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے کا اختتام بھی مثبت ہوا‘ کے ایس ای100انڈیکس میں 700 سے زاید پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے مارکیٹ 62 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی اور مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب 15 ارب روپے سے زاید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم90 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ55.01 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ سال2023ء کے آخری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں3 دن تیزی رہی اس دوران انڈیکس 3280.06 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ1دن کی مندی میں انڈیکس 3026.94 پوائنٹس لوز کر گیا تھا۔ رواں سال کے اختتامی ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100 انڈیکس 745.94 پوائنٹس بڑھ گیا جس سے انڈیکس 61705.09 پوائنٹس سے بڑھ کر 62451.04 پوائنٹس ہو گیا‘ ایک ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ20 ارب روپے مالیت کے 67 کروڑ62 لاکھ 43 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم16 ارب روپے مالیت کے 59 کروڑ 5 لاکھ 92 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ 2023ء کے دوران انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ کی قدر میں بدترین گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میںپاکستانی روپیہ کی قدر55.10 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میںروپیہ کی قدر 47.03روپے گھٹ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 2022ء میں انٹر بینک میں ڈالرکی قدر226.50 روپے تھی جو سال 2023ء کے اختتام پر281.60 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی‘ اوپن مارکیٹ میں ایک سال کے دوران روپے کے مقابلے میںڈالر کی قدر 233.20 روپے سے بڑھ کر 280.23 روپے ہو گئی۔ ایک سال کے دوران یورو کی قدر میں46.67 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یورو کی قدر 260.40 روپے سے بڑھ کر 307.07 روپے کی نئی سطح پر جا پہنچی جبکہ 58.33 روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر296 روپے سے بڑھ کر354.33 روپے ہو گئی۔ 2022ء میں سعودی ریال65 روپے کا تھا جو سال 2023ء کے اختتام پر 74.33 روپے کا ہو گیا۔ 2023ء میں ملکیصرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 35900روپے کے اضافے سے 220000روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 30779روپے کے اضافے سے 188615روپے ہوگئی۔