مزید خبریں

بطور کپتان پیٹ کمنزکی پہلی مرتبہ ٹیسٹ میں 10 وکٹیں

میلبورن میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسڑیلیا نے79 رنز سے جیت حاصل کی۔ اس جیت میں سب سے اہم کردار آسڑیلیا کے کپتان کا رہاجنہوں نے اس ٹیسٹ میں38 اوور میں97 رنز دیکر دس کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے اس بالر نے پاکستان کی پہلی اننگز میں20 اوور میں48 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں18 اوور میں49 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں57 میچوں میں پیٹ کمنز دوسری مرتبہ ایک ٹیسٹ میں دس کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سے پہلے سری لنکا کے خلاف برسبین میں جنوری 2019 میں ہوئے ٹیسٹ میں وہ 29.4اوور میں 62 رنز دیکر10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ انہوں نے سری لنکا کی پہلی اننگز میں 14.4اوور میں39 رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں15 اوور میں23 رنز دیکر چھ کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دیکھایا تھا۔

پیٹ کمنزایک کپتان کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے ایک ٹیسٹ میں دس یا اس سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے آسڑیلیا کے دوسرے اور کل ملاکر17 ویں کپتان ہیں۔ ایسا ابھی تک21 مرتبہ ہوا ہے جب کسی کپتان نے ایک ٹیسٹ میں دس یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔ پاکستان کے عمران خان نے ایساچار مرتبہ کیا ہے جبکہ انتخاب عالم دو مرتبہ ایک ٹیسٹ میں دس کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سڈنی میں جنوری 1989 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں ایلن بورڈر 44.4 اوور میں96رنز دیکر 11 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے جو آسڑیلیا کے کسی کپتان کی ایک ٹیسٹ میچ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ اپنے156 ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے صرف ایک مرتبہ ہی ایک ٹیسٹ میچ میں دس یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اس ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں وہ26 اوور میں46 رنز دیکر سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو انکی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سب سے اچھی بولنگ تھی۔ دوسری اننگز میں وہ18.4 اوور میں50رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

پیٹ کمنزپاکستان کے خلاف ایک ٹیسٹ میں دس وکٹ حاصل کرنے والے پہلے کپتان ہیں۔ اس سے پہلے پاکستان کے خلاف ایک ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ انہی کے پاس تھا۔ لاہور میں مارچ 2022 میں ہوئے ٹیسٹ میں انہوں نے39.1 اوور میں79 رنز دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اس ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں وہ24 اوور میں56 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں15.1 اوور میں23 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

کپتان کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے ایک ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کوٹنی والش کے پاس ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں فروری 1995 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں 36 اوور میں55 رنز دیکر13 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔

پاکستان کے وقار یونس نے زمبابوے کے خلاف کراچی میں دسمبر 1993 میں135 رنز دیکر 13 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جبکہ سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ زمبابوے کے خلاف ہرارے میں نومبر 2016 میں152رنز دیکر13 ہی کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔