مزید خبریں

وزیر اعلیٰ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں ، ای ایف پی

کراچی(کامرس رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) اور غیر ملکی اور سب کنٹریکٹرز کی جانب سے کم عمر سینیٹری ورکرز کے بطور چائلڈ لیبر کام کرنے کو لیبر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر قرار دیتے ہوئے فوری طور پر چائلڈ لیبر قوانین کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے اور نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر سے لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔ای ایف پی نے ان خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) اپنے غیر ملکی اور سب کنٹریکٹرز کے ساتھ مل کر لیبر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔یہ رپورٹ 12 سال سے کم عمر بچوںکی سینیٹری ورکرز کے طور پر کام کرنے کے خطرناک عمل کی طرف توجہ دلاتی ہے۔ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان نے مزید کہا کہ سینیٹری ورکرز کو کم از کم اجرت ادا نہیں کی جاتی کیونکہ انہیں زیادہ سے زیادہ 15,000 روپے مل رہے ہیں جو کہ مقررہ کم از کم اجرت 32,000 روپے ماہانہ کے نصف سے بھی کم ہے۔یہ ستم ظریفی ہے کہ سرکاری حکام اْن صنعتوں اور تجارتی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہیں جو کم از کم اجرت کی ادائیگیوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔