مزید خبریں

لاہورچیمبر میں یوم قائد کے حوالے سے تقریب

لاہور (کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم قائد اعظم کے حوالے سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے دوران بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔لاہور چیمبر کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ بابائے قوم کے دیئے گئے بنیادی اصولوں میں ہی ترقی کے راز پوشیدہ ہیں، قائداعظم ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے، ان کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، ہماری مشکلات کا حل بھی جمہوریت، مذاکرات اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے بنیادی اصولوں پر عمل کر کے ہی ہم مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا، قانون پر عمل کرتے ہوئے پرامن طریقے سے اختلاف کرنا محمد علی جناح کی سیاست کا بنیادی اصول تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ سے ہم نے یہی سیکھا ہے کہ یہ ملک ایک مضبوط وفاقی جمہوریت سے ہی آگے چل سکتا ہے ہمارا آئین وفاقی جمہوریت پر مبنی ہے اور اسی میں مشکلات کا حل موجود ہے۔