مزید خبریں

سال2023 مزدوروں کا کیسا رہا؟

سال 2023 میں محنت کشوں کا عظیم نقصان ہوا۔ روزنامہ جسارت کے 33 سالوں سے تسلسل سے شائع ہونے والے صفحہ محنت کے انچارج، کراچی پریس کلب اور کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سینئر رکن اور مزدور دوست صحافی سراج العابدین المعروف قاضی سراج 14 جولائی 2023، 25 ذوالحجہ 1444ھ، بروز جمعہ دارالفنا سے دارالبقا کی جانب چلے گئے۔ اس دکھ کی خبر سننے سے پہلے جسارت لیبر فورم اور SOWA کے زیر اہتمام سیسی کی کارکردگی، مستقبل، خدشات و توقعات کے عنوان سے 7 مارچ کو جمعیت الفلاح ہال میں سیمینار منعقد ہوا تھا۔ جس کی صدارت کامریڈ غلام مصطفی ہاشمانی نے کی تھی۔ اس سیمینار میں خاص بات یہ تھی کہ محنت کشوں کے لیے مسلسل 33 سالہ مخلصی و ایمانداری کے ساتھ جدوجہد اور خدمات کے اعتراف میں سیسی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے قاضی سراج (مرحوم) کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی تھیں۔

آئی آئی ایل ڈیموکریٹک ورکرز یونین کی جانب سے 9 مئی کو قاضی سراج (مرحوم) کو ان کی 33 سالہ خدمات پر شیلڈ پیش کی گئی تھی۔ 25 جون کو HRCP کے زیر اہتمام پروگرام میں اسد اقبال بٹ نے قاضی صاحب کی تعریف کی اور شرکاء کو صفحہ محنت خریدنے کی اپیل کی تھی۔ 24 جولائی اشاعت خاص بیاد قاضی سراج شائع کیا گیا۔ جس میں قاضی صاحب کی زندگی بھر کی خدمات کو سراہا گیا تھا۔ ورکرز ایجوکیشن ٹرسٹ میں، روزنامہ جسارت کے تحت جمعیت الفلاح ہال میں، کراچی پریس کلب، PCEM سمیت مختلف فیڈریشنز کی جانب سے قاضی صاحب کی یاد میں تعزیتی ریفرنسز بھی منعقد ہوئے۔ پیر 17جولائی کو قاضی صاحب کی رحلت کی وجہ سے صفحہ محنت شائع نہیں ہوا تھا۔البتہ 24جولائی کو 2صفحات شائع ہوئے۔ اب قاضی معاذ سراج انچارج صفحہ محنت ہیں۔ مزید یہ کہ سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر شفیق غوری کا SIUT میں کامیاب آپریشن ہوا۔ دعا ہے کہ اللہ جلد صحت یاب کرے۔

ایک طرف مالی سال کے بجٹ کے بعد آفٹر شاکس نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کش ورکروں کے لیے بھاری رہا۔ روزانہ کی بنیاد پر ہر چیز کی مہنگائی کے بے قابو جن نے پورا سال بے حال کردیا تھا تو دوسری جانب یکم جولائی 2023 سے مزدور کی کم سے کم اجرت32000 روپے ماہانہ فیصلے پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔ اور اگر ہوا بھی ہے تو وہاں بقایاجات اد اہی نہیں ادا کیے گئے ہیں۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے ملنے والے مالی وظائف سے محروم رہے۔ سندھ سوشل سیکورٹی بدعنوانی، کرپشن اور عدالتی معاملات کے حوالے سے پورا سال سوشل میڈیا پر چھایا رہا۔ 2023 میں ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ، ٹھیکیداری، پروجیکٹ ملازمین کو بڑا دھچکا لگا جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کی سفارش پر ہونے والی مستقلی روک دی۔ اس فیصلے سے چار لاکھ سے زائد خاندانوں کا معاشی قتل ہوا۔