مزید خبریں

سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف استعفاکیس: عدالت نے نوٹس جاری کر دیا

کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان ہاکی فیڈریشن میں عبوری سیٹ اپ کے بعد سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین استعفا کیس میں لاہور ہا ئی کورٹ نے دیگر مدعا علیہ پرویز بھنڈارا کی عدم حاضری کے بعد طلبی بذریعہ اخبار اشتہار نوٹس جاری کردیے، سابق معطل صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لیے وقت مانگ لیا، مدعی مقدمہ حیدر حسین سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف کی جانب سے بیرسٹر معیظ طارق، بیرسٹر قدیر جنجوعہ پیش ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پی ایچ ایف استعفا کیس میں سابق معطل صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کے فاضل وکیل نے لاہور ہا ئی کورٹ میںجواب دعویٰ داخل کرنے اور جواب حکم امتناعی کے لیے مہلت کی استدعا کی تھی جوکہ معزز عدالت نے قرین انصاف ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حیدر حسین کی جانب سے دائر شدہ کیس میں مدعا علیہ کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل کی درخواست پر وقت دے دیا اور جنوری کے آخر میں پیشی کی تاریخ دیدی جبکہ دیگرمدعا علیہ پرویز بھنڈارا کو پیش نہ ہونے پر بذریعہ اخبار اشتہار طلبی نوٹس جاری کرنے کا حکم صادر کردیا۔ یاد رہے کہ معزز عدالت سابق معطل صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے حیدر حسین کے استعفا منظوری کا نوٹیفکیشن معطل اور عبوری حکم امتناعی پہلے ہی جاری کرچکی ہے جوکہ اس سلسلے میں مزیدسماعت اب آ ئندہ تاریخ جنوری 2024 ء کے آخری ایام میں ہوگی۔ دریں اثنا ہاکی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حیدر حسین آئینی اورقانونی طور پر بطور سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن فعال ہیں۔