مزید خبریں

اسلامی جمعیت طلبہ ملک کا اثاثہ ہے.سراج الحق

میرے لئے یہ انتہائی مسرت کا موقع ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان 23دسمبر77واں یوم تاسیس منارہی ہے۔ بانی جماعت اسلامی پاکستان مولانا سیدابوالاعلیٰ مودودی ؒ کی ہدایت پر چند طلبہ نے 1947ء میں اسلامی جمعیت طلبہ کی بنیاد رکھی،جو آج پاکستان ہی کی نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی نمائندہ طلبہ تنظیم بن گئی ہے۔آج پاکستان کی کوئی یونیورسٹی یا کالج ایسا نہیں جس میں جمعیت موجود نہ ہو۔ طلبہ نہ صرف مستقبل کی قیادت ہوتے ہیں بلکہ کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ بانیئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے طلبہ کو وطنِ عزیز کا ”معمار“ قرار دیاتھا۔ ایثار و قربانی اور اخلاص کی شاہکار اسلامی جمعیت طلبہ سے ہی یہ امید باندھی جاسکتی ہے۔

وطن عزیز اس وقت جن بحرانوں سے دوچار ہے اورجس طرح پاکستان کے نظریاتی تشخص کومسخ کرنے کے لیے نسل نو کے ذہنوں سے امت واحدہ کا تصور کھرچ دینے کی جو گھناؤنی سازش کی گئی ہے، اس کو ناکام بنانے کے لیےنوجوان نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور نوجوانوں میں اسلامی جمعیت طلبہ کا وجود بہت بڑی نعمت ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ بلاشبہ ملک و ملت کا وہ اثاثہ ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر بجا لایا جائے، کم ہے۔

ملک و ملت کو جب اور جہاں بھی ضرورت پڑی، اسلامی جمعیت طلبہ کے لاکھوں کارکنوں نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیاہے اور نظریاتی سرحدوں کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سرحدوں کا بھی بھر پور دفاع کیا۔نظریاتی و قومی وحدت، ملکی سلامتی، یکجہتی،آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کی گرانقدر خدمات کا قوم نے ہمیشہ اعتراف کیاہے۔ اب بھی جمعیت کو یہ کردار مزید جرأت و بہادری سے انجام دینا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ میری اور میرے جیسے لاکھوں پاکستانیوں کی محسن ہے۔اس تنظیم نے ہمیں ہمیشہ اپنے خالق و مالک کی اطاعت گزاری سکھائی ہے، میری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ اسلامی جمعیت طلبہ کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور اس کے کارکنان کو اسلام اور ملک و ملت کی خدمت کے بہترین مواقع اور توفیق عطا فرمائے، آمین۔