مزید خبریں

پریذیڈنٹ ٹرافی: محمد عباس کی پی ٹی وی کیخلاف میچ میں 10 وکٹیں

کراچی (سید وزیر علی قادری) فاسٹ بولر محمد عباس کی عمدہ کارکردگی نے اسٹیٹ بینک کو پی ٹی وی کے خلاف پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔ اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے دن پی ٹی وی کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 339 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 66 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز میں پی ٹی وی نے بہتر کارکردگی دکھائی۔ اس کی جانب سے حسن محسن نے 14 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 83 اور تیمور خان نے 62 رنز کی اننگز کھیلیں۔ محمد عباس جنہوں نے پہلی اننگز میں 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کی تھیں دوسری اننگز میں 103رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس طرح میچ میں انہوں نے 122 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 12 ویں مرتبہ کسی فرسٹ کلاس میچ میں10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس میچ کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 670 ہوگئی۔ اسٹیٹ بینک کو میچ جیتنے کے لیے 48 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔