مزید خبریں

اسلام آ باد :نگراں وزیراعظم سے ذکا اشرف کی ملا قات

اسلام آباد /کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے گزشتہ روز اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں سراہا۔ انہوں نے ملک میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں کرکٹ کی رسائی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ پی ایس ایل کے میچز اور عام انتخابات کا دن ایک دوسرے سے متصادم نہ ہوسکے۔اس ضمن میں ووٹنگ والے دن کے ممکنہ ٹکراؤ سے بچنے کے لیے سیزن 9 کے میچوں کا شیڈول ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔وزیراعظم نے دوسرے کرکٹ بورڈز کے ساتھ روابط کو بہتر بنانے کی کوششوں پر پی سی بی کی تعریف کی۔انہوں نے خاص طور پر کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت کا ذکر کیا۔وزیراعظم نے پی سی بی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں 2025 ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیکو رٹی ایجنسیوں کے ساتھ مربوط انداز میں کام کرے۔ وزیر اعظم نے پی سی بی کی جانب سے ملک میں ہر سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔