مزید خبریں

دنیا بھر میں یکساں حج پالیسی پر 2 سال میں عملدرآمد ہوجائے گا

اسلام آباد (میاں منیر احمد) پاکستان سمیت تمام ممالک کے لیے ایک یونیفارم پالیسی کے ذریعے نجی حج کمپنیاں یکجا کر کے انہیں فی گروپ2 ہزار حاجیوں کا کوٹہ دینے کی تجویز پر اگلے 2 سال میں عمل درآمد شروع ہو جائے گا‘ اس سال یہ شرط فی حج گروپ 500 حاجی ہیں‘ اگلے سال فی گروپ ایک ہزار اور اس سے اگلے سال یہی تعداد 2 ہزار فی حج گروپ ہو جائے گی‘ سعودی حکومت نے اپنی اس پالیسی سے پاکستان سمیت تمام ممالک کو آگاہ کر دیا ہے‘ روڈ ٹو مکہ منصوبہ بندی بتدریج آگے بڑھے گی‘ حج بزنس سے وابستہ ذرائع کے مطابق حکومت کی سرکاری حج اسکیم میں
مطلوبہ تعداد سے بہت کم درخواستیں جمع ہوئی ہیں‘ اور حکومت نے مزید 4 روز کی توسیع کر دی ہے‘ لیکن کم درخواستوں کی وجوہات پر وزارت مذہبی امور سنجیدہ غور کرنے کو تیار نہیں ہے‘ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور پاکستانی عازمین حج کے لیے رہائش گاہوں کا معاملہ اگلے ماہ کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں مکمل کرنا چاہتی ہے‘ 8 جنوری کو جدہ میں حج کانفرنس ہونے جا رہی ہے اور اس سے قبل معاملات حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس میں مکاتب، رہائش گاہوں اور کھانے کی کمپنیوں کے لیے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ سعودی وزارت الحج نے مشاعر کا نظام تبدیل کر کے مکاتب کی کیٹیگری کے نظام کو اے بی سی ڈی کو زون 1، 2، 3، 4، 5 میں تبدیل کرنے کے بعد نئی فیسوں کا بھی اعلان کر دیا ہے ذرائع کے دعویٰ کے مطابق حکومت پاکستان سعودی شرکہ جات نقابہ، ادلہ، کدانہ معلمین کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کر کے مسائل کا حل تلاش کرسکتی ہے اس وقت سرکاری حج اسکیم کی بکنگ27 نومبر سے شروع ہے اور ابھی مزید چار روز جاری رہے گی سرکاری حج اسکیم 40 روزہ کی بکنگ اندازے سے بھی بہت کم ہوئی ہے وزارت نے اس سال شارٹ پیکیج20 روزہ اور 25 روزہ حج قیام مدت بھی متعارف کرائی ہے20 روزہ پیکیج کے لیے15 ہزار کا کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت میں منصوبہ بندی کا فقدان ہے جس کی وجہ سے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں پاکستان حج مشن نے شارٹ پیکیج کے ساتھ ڈبل بیڈ، تھری بیڈ اور ایک فیملی کو ایک کمرہ دینے کی بڑی پُرکشش ترغیب دی ہے لیکن یہ اسکیم کامیاب نہیں ہوسکی اس کی وجہ اسٹیٹ بینک کی پالیسی ہے‘ بینک بیرون ملک سے آنے والی رقم کے لیے بہت پڑتال کرتا ہے ‘ حج 2024ء کے لیے سعودیہ نے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار210 مخصوص کیا ہے، سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم کے لیے کوٹہ کی تقسیم کا تناسب نصف نصف ہوگا سرکاری اسکیم 89 ہزار 605 اور اتنا ہی کوٹہ پرائیویٹ اسکیم کے لیے مخصوص ہو گا۔ سرکاری حج اسکیم 2024ء کے لیے سپانسر شپ اسکیم کے لیے25ہزار کوٹہ مخصوص ہو گا، حج 2017ء سے 2023ء تک حج کرنے والے حج 2024ء کے لیے سرکاری حج اسکیم میں حج درخواستیں دینے کے اہل نہیںہوں گے۔حج درخواست کے لیے سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم میں عمر کی کوئی قید نہیں ہو گی، البتہ 80 سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین حج اپنے ساتھ مددگار لے جاسکتے ہیں۔اسپانسر شپ اسکیم کے تحت25ہزار کوٹہ مخصوص ہو گا،27نومبر سے12دسمبر تک لانگ ٹرم اور شارٹ پیکیج کی حج درخواستیں جمع ہوں گی اس کے لیے15بینکوں کو اجازت دی گئی ہے سرکاری حج اسکیم کے عازمین تمام ڈی کیٹیگری میں رہیں گے اگر شارٹ پیکیج کے افراد سی کیٹیگری کی سہولت لینا چاہیںگے تو اضافی رقم کی ادائیگی پر لے سکیں گے یہ سہولت صرف اسپانسر شپ اسکیم کے لیے ہو گی۔اس سال ہارڈ شپ کوٹہ پانچ سو لیبر کوٹہ تین سو ہو گا۔448 نشستیں(سرکاری کوٹہ کا پانچ فیصد) ویٹنگ لسٹ پر مبنی ہو گا۔بتایا گیا سرکاری حج اسکیم میں اسپانسر شپ اسکیم کے تحت حج درخواستیں دینے والوں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔دوسری جانب سرکاری حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی جاری ہے ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج درخواست گزاروں کی آسانی کیلیے کل بروز ہفتہ اور اتوار نامزد بینک کھلے رہیں گے‘وزارتِ مذہبی امور کی درخواست پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نوٹیفکیشن جار ی کر دیا ترجمان کے مطابق ریگولر یاا سپانسرشپ حج اسکیم میں درخواست جمع کرانے کیلیے قریبی نامزد سے رابطہ کیا جا سکتا ہے‘وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کی رہنمائی کیلیے حج ہیلپ لائنز اور واٹس ایپ نمبر کا اجرا کر دیا اورمنگل 12 دسمبر تک حج درخواستوں کی وصولی بلا تعطل جارہی رہے گی۔