مزید خبریں

ایران پاکستان سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند

کراچی (کامرس رپورٹر)اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے ایران اور پاکستان کے درمیان پائیدار، سفارتی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے منصوبوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت 9 سرحدی مارکیٹیں کام کر رہی ہیں اور مزید6مارکیٹیں کھلنے کے لیے تیار ہیں جو900 کلومیٹر پر محیط ہیں۔اس اسٹریٹجک اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں اور تجارت کو بڑھانا ہے۔یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان، نائب صدر نعیم حیدر،چیئرمین ڈپلومیٹک کمیٹی اصفر حسین کے علاوہ ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔قونصل جنرل نے تہران اور دیگر ایرانی شہروں میں پاکستانی مصنوعات کی آگاہی کے لیے سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے نکاٹی کے ممبران کو ایران کے لیے ویزہ سے متعلق سہل طریقہ کار کی یقین دہانی کرائی۔ موجودہ تجارتی توازن کو تسلیم کرتے ہوئے جو ایران کے حق میں ہے انہوں نے درآمدات و برآمدات کی زیادہ منصفانہ تقسیم کے حصول کے لیے مستقل عزم کا بھی اظہار کیا اور تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے پاک ایران بینک کی تشکیل کے ذریعے براہ راست ادائیگی کے چینل کے قیام اور ضروری اشیاء میں بارٹر ٹریڈکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد زیادہ مؤثر اور باہمی طور پر فائدہ مند تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے گیس انفرااسٹرکچر پائپ لائن کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے حکومت پاکستان سے اس ضمن میں بات چیت کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔