مزید خبریں

پاکستان کیلئے 65کروڑ 88 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری

منیلا (کامرس ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی )نے پاکستان کیلئے 65کروڑ 88 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔بدھ کواے ڈی بی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کیلئے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی ہے اور یہ رقم تین مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔بینک کا کہنا ہے کہ فنڈ زکی فراہمی کا مقصد پائیدار معاشی ترقی کے ہدف کا حصول ہے ،یہ مقامی وسائل بڑھانے اور سیلاب سے تباہ حال سکولوں کی بحالی پرخرچ ہوں گے،ان فنڈز سے غذائی تحفظ کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ اور پاکستان کو حالیہ تباہ کن سیلاب سے پیدا بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کا مقصد پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے، اس میں سے 30 کروڑ ڈالر مقامی وسائل بڑھانے کیلئے پالیسی اصلاحات پر خرچ کیے جائیں گے۔اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد ٹیکس ،انتظامی امور، اخراجات مینجمنٹ اور سرمایہ کاری میں بہتری لانا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیاء￿ یوگینی زوکوف نے کہاکہ فنانسنگ کی یہ اہم نئی لہر پاکستان کو گزشتہ سال کے بحران اور سپر فلڈ کے اثرات سے نکلنے اور طویل مدتی ترقی کی راہ پر واپس لانے میں مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 300 ملین(30 کروڑ) ڈالر پالیسی پر مبنی قرض اقدام کے پہلے ذیلی پروگرام کی سپورٹ کے لیے ہیں جن کا مقصد پالیسیوں، قوانین اور ادارہ جاتی اصلاحات ہے ،اس سے مقامی وسائل کو متحرک کرنے اور استعمال میں بہتری آئے گی۔