مزید خبریں

ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام رضاکاروں کاعالمی دن منایا گیا

کراچی ( کامرس رپورٹر)نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد پروقار تقریب میں ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے متذکرہ عالمی دِن کیلئے مختص عنوان ’’اْمید‘‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ رضاکار کسی بھی معاشرے، ادارے اور تنظیم کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ بلامعاوضہ کام کرنے والے وہ خدمت گار ہیں جن کی جتنی بھی پذیرائی کی جائے کم ہے۔ عالمی دِن کی مناسبت سے ہلالِ احمر کے وسیع لان میں کیک بھی کاٹا گیا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانیت کی خدمت کو اوّلیت دینے کی روایت برقرار رکھی جائے گی۔رضاکاروں کی خدمات قابلِ رَشک رہی ہیں اِن کی لگن، دلچسپی اور کمٹمنٹ کی بدولت انسانیت کی خدمت کو دوام ملا ہے۔ یہ وہ اْمید ہیں جس کی بدولت اندھیرے میں چراغ روشن ہوتے ہیں،اِسی اْمید سے دْکھی انسانیت کے حوصلوں کو تقویت ملتی ہے۔ قدرتی آفات، سانحات، صحت عام کی مہمات اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں رضاکاروں کی شمولیت ناگزیر ہے۔ ریڈکراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ کا حصہ ہونے کے ناطے ہلالِ احمر پاکستان سے وابستہ رضاکاروں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ گھرانوں کو اْمید دِلاتے ہوئے رضاکاروں نے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔