مزید خبریں

خصوصی افراد معاشرے کااہم حصہ ہیں ، صبا شمیم جدون

اسلام آباد ( سید وزیرعلی قادری) اسلام آباد اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی سرپرست اعلیٰ اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن ویمن ونگ کی صدر صبا شمیم جدون نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی معاشرے میں حوصلے افزائی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں اسلام آباد اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد کے ہمراہ خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے بات چیت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر معذور افراد کو دوسرے افراد کی طرح سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ افراد بھی معاشرے و ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے حوالے سے ملک تقریبات کا زیادہ سے زیادہ انعقاد بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ تعلیم و ہنر کے مواقع اور سہولیات فراہم کرنے چاہئیں تاکہ یہ لوگ بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی کامیاب زندگی گزار سکیں اور احساس کمتری کا شکار نہ ہوں بلکہ خوشیوں کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ صبا شمیم جدون نے کہا کہ معذور افراد کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں خصوصی افراد کے مسائل، مساوی حقوق، فلاح و بہبود اور احترام کا شعور بیدار کرنا ہے۔