مزید خبریں

Jamaat e islami

شام میں پاسداران پر حملوں کا جواب دیا جائیگا،ایران

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شام میں ہلاک کیے گئے 2پاسداران انقلاب کی ہلاکت کا سخت جواب دیا جائے گا۔ یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز ایک بریفنگ کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایران نے 7اکتوبر سے جاری اسرائیل حماس جنگ کے دورانیے میں اپنے کسی جانی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب فورس کے 2اہلکار گزشتہ ہفتے شام میں ایک حملے کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حملے اسرائیل کی طرف سے شام میں کیے گئے تھے۔ ایرانی ترجمان نے کہاہر ایسا اقدام جو ایرانی مفادات کے خلاف ہو گا اسے جواب کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے پاسداران انقلاب کے دونوں اہل کار عسکری کارروائیوں کی نگرانی کے لیے موجود تھے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ شام کی سرزمین سے مقبوضہ علاقوں کی طرف ایک میزائل داغا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ میزائل جولان کے علاقے میں گرا،تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسرائیلی فورسز نے میزائل داغنے کی جگہ کو توپ خانے سے نشانہ بنایا تھا۔