مزید خبریں

Jamaat e islami

سازش کے تحت دہشت گردی کو پروان چڑھا یا جارہا ہے، جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چلاس میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 8 مسافروں کی ہلاکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے، ملک میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عوام کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دن بہ دن عوام کی زندگی مشکل سے مشکل ہوتی جا رہی ہے، نگراں حکومت نے عوام کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں کا کوئی وعدہ ایسا نہیں جسے پورا کیا گیا ہو، عوام کو گمراہ کرنے والوں کا انجام قریب ہے، جماعت اسلامی اپنے نشان اور جھنڈے سے الیکشن میں جائے گی، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کیا ہے، قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا درست نہیں، ملک کے حالات خراب سے خراب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتشار اور افراتفری سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، نگراں وزیر اعظم اور ان کے وزراء کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں، حکومت کی کارکردگی سے عوام کے ساتھ ساتھ اتحادی بھی بدظن دکھائی دیتے ہیں، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف کی تبدیلی کا بھی پول کھل چکا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ نام نہاد عوامی نمائندوں نے ملک و قوم کو سنگین بحرانوں سے دوچار کر دیا، پاکستان آج جس نہج پر پہنچ چکا ہے اس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی بیڈ گورننس کا بنیادی ہاتھ ہے، تینوں جماعتوں نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔