مزید خبریں

میڈیا خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں کردار اداکرے ، ثمینہ علوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ میڈیا خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار اداکرے کیونکہ میڈیا کی آواز اثر رکھتی ہے، خواتین کو آگے بڑھتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے،امید ہے کراچی پریس کلب خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پروفیسر شاہدہ قاضی وومن کمپلیکس کراچی پریس کلب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔قبل ازیں انہوں نے فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اورکمپلیکس کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد،صدر سعید سربازی اور کلب کے دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ تاحیات ممبر شپ دینے پر کراچی پریس کلب کا شکریہ ادا کرتی ہوں، خواتین کے لیے کمپلیکس کا قیام اچھا اقدام ہے، مجھے پسند آیا۔انہوں نے کہا کہ کمپلیکس خواتین کی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں معاون ثابت ہوگا۔خاتون اول نے کہا کہ خواتین کو پڑھ لکھنے کے بعد عملی میدان میں بھی آنا چاہیے، خواتین ذمہ داری کے ساتھ کام کرتی ہے۔کمپلیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں خواتین کو مزید سہولیات ملے گی اور ان اقدامات سے خواتین کی شعبہ صحافت میں شمولیت بڑھیں گی۔