مزید خبریں

بتایا جائے شہر میں غیر قانونی پارکنگ کا دھندہ کیسے چلایا جارہا ہے، سندھ ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ڈی اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ افراد ٹریفک پولیس کی معاونت سے غیر قانونی پارکنگ چلا رہے ہیں، غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، سندھ حکومت کا کام ہے کہ پارکنگ کے معاملات کو ریگولیٹ کرے، ان غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے عوام متاثر ہوتی ہے۔عدالت نے ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ڈی اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک کو 5 دسمبر کو طلب کرلیا اور کہا ہے کہ سندھ حکومت کا کام ہے کہ پارکنگ کے معاملات کو ریگولیٹ کرے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ کا دھندہ کیسے چلایا جارہا ہے؟ تمام افسران عدالت میں پیش ہوکر بتائیں کہ غیر قانونی پارکنگ کو کیسے روکا جا سکتا ہے، شہر میں ٹریفک کی روانی ایک اہم مسئلہ ہے، پرائیویٹ افراد ایسی جگہوں کو پارکنگ بناکر استعمال کررہے ہیں جس کی اجازت نہیں ہے۔