مزید خبریں

غیر قانونی عمارت مسمارکرنے کا معاملہ ،مکین عدالت پہنچ گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد سی ون ایریا میں غیر قانونی عمارت مسمار کرنے کا معاملہ ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد رکوانے کے لیے عمارت کے مکین بڑی تعداد میں عدالت پہنچ گئے ۔مکینوں کی عدالت سے احکام پر نظر ثانی کی درخواست پر عدالت نے عمارت کے رہائشیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ قانون واضح ہے جو چیز غیر قانونی اس کو عدالت کیسے قانونی شیلٹر دے سکتی ہے؟ کیا عمارت میں گھر لیتے وقت چیک کیا تھا کہ بلڈنگ اپروو پلان کے مطابق بنائی گئی ہے؟ متاثرین کے وکیل کاکہناتھا کہ ہم نے عمارت کی قانونی حیثیت چیک نہیں کی، غریب ہے دربدر ہوجائیں گے، آپریشن روکنے کا حکم دیاجائے، عدالت کاکہناتھا کہ غیر قانونی عمل میں انسانی حقوق کا عنصر بھی لاگو نہیں ہوتا، جب تسلیم کررہے ہیں کہ عمارت غیرقانونی ہے تو ایس بی سی اے کو مسمار کرنے سے نہیں روک سکتے، کل کو متاثرین آکر یہ کہیں گے، سردیاں آرہی ہیں، لحاف نہیں ہیں، ہیٹر نہیں ہیں، چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، اگر غیر قانونی تعمیرات نہیں روکی تو ایس بی سی اے کے خلاف دعویٰ دائر کریں۔ عدالت نے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کردی، اس سے قبل ایس بی سی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پلاٹ نمبر 52/2 پر بغیر اجازت کے تعمیرات کی جارہی ہیں، عمارت میں رہائش پذیر مکینوں کو فلیٹ خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے ہیں، بجلی اور گیس کمپنیوں کو کنیکشن منقطع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔