مزید خبریں

Jamaat e islami

الخدمت کا پسماندہ طالبات کیلیے سائنس ،ٹیکنالوجی ودیگر منصوبوں کا آغاز

راولپنڈی ( نمائندہ جسارت)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے پسماندہ طالبات کیلئے سائنس،ٹیکنالوجی،انگلش،میتھ ایجوکیشن پروجیکٹ کا آغازکردیا، پنجاب اسکول، مکہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری اس پروجیکٹ کا مقصد طالبات کو روبوٹیک ایجوکیشن دے کر بااختیار اور ہنر مند بنانا،صنفی رکاوٹوں اور تعلیمی مساوات کا خاتمہ اور جدید علوم کے ذریعے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کواجاگرکرناہے۔الخدمت آغوش شیخوپورہ میں موجود55آرفن بچیوں کو ایس ٹی ای ایم ٹریننگ کی تکمیل پرمنعقدہ تقریب میں ان بچیوں کو 16ہزارروپے مالیت کی روبوٹک کٹس بھی مفت فراہم کی گئیں،250بچیوں کویہ کٹس دی جائیں گی۔ تقریب کے مہمانا ن خصوصی سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سیدوقاص جعفری،نیشنل ڈائریکٹر الخدمت آغوش ہومز ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ایجوکیشن پروگرام ڈاکٹر احمد جبران بلوچ،ریجنل صدرالخدمت اکرام الحق سبحانی نے اظہارخیال کرتے ہوئے پنجاب سکول سمیت تعاون کرنے والے دیگراداروں کاشکریہ اداکیااور طالبات کے پراجیکٹس پران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔سید وقاص جعفری نے کہاکہ بچیوں کوجدید تعلیم سے آراستہ کرنا معاشرے کی تشکیل میں اہم کرداراداکرتا ہے،اس پراجیکٹ کا مقصد آرفن بچیوں کو روشن مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔عمومی طور پر ٹیکنالوجی میں لڑکوں کواہمیت دی جاتی ہے اورلڑکیوں کونظراندازکیا جاتاہے لیکن الخدمت نے بچیوں کے لیے ترجیحی طورپراس پراجیکٹ کولانچ کیا۔ ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہاکہ روبوٹ مسلمان اسلاف کی ایجاد ہے اسماعیل الجواری نے 12ویں صدی میں پہلی دفعہ دنیا میں روبورٹ کا آئیڈیادیا،ہمارامقصد طالبات کو روبوٹیک ایجوکیشن دے کر بااختیار اور ہنر مند بنانا ہے۔